بانہال+کنگن// جموں سرینگر شاہراہ پر پیش آئے ایک خونین سڑک حادثے میں ایک خاتون ، ایک سی آر پی اور ایک پولیس اہلکار سمیت 5 مسافر ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ اس حادثے میں ایک آئی ار پی اہلکار زخموں کے ساتھ بچ نکلا ہے۔ سنیچر کی صبح سرینگر سے جموں کی طرف جانے والی یہ انوا گاڑی زیرنمبر JK-02BA/1707خونی نالہ اور ڈگڈول کے درمیان سمادھی موڑ پر ڈرائیور کی مبینہ تیز رفتار ڈرائیونگ کے نتیجے میں قابو سے باہر ہوگئی اور مخالف سمیت سے آنے والی ایک کار زیر نمبرJK02BG/9589 سے ٹکرانے کے بعد نیچے کھائی کی طرف لڑھک گئی اور کم از کم سات سو فٹ نیچے بہہ رہے نالہ بشلڑی کے وسط میں جاگری ۔ عینی شاہدین نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ کھائی میں گرنے سے پہلے حادثے کا شکار ہوئی گاڑی کی ٹکر سے جموں سے سرینگر کی طرف آنے والی کار بھی اس گہری کھائی میں گرتے گرتے بچ گئی اور شدید ٹکر کی وجہ سے کار اور کھائی کے درمیان محض ایک فٹ کا فاصلہ رہ گیا تھا۔ اس ٹکر سے کار کو نقصان پہنچا تاہم اس میںسوار 2افرادبچ نکلے ہیں ۔ بچائو کارروائیوں میں رضاکاروں کی قیادت کرنے والے بشیر احمد ماگرے نے کہا کہ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں سڑک کے بیشتر حصے پر میکڈم بچھایا گیا ہے جس کی وجہ سے ڈرائیور اب تیز رفتاری سے گاڑیاں چلارہے ہیں۔تیز رفتاری کی وجہ سے پچھلے دو ہفتوں میں کم از کم پانچ سڑک حادثے رونما ہوئے اور تقریبا ًتمام حادثات میں ڈرائیوروں کی لاپرواہی کارفرما تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ ہفتے کی صبح 9.30 بجے کے قریب پیش آئے اس حادثے کی خبر ملتے ہی نزدیک ہی موجود فوج کی روڈ اوپنگ پارٹی ، رام بن پولیس ، سی آر پی ایف ،ا یس ڈی آر ایف اور سول کیو آر ٹی رام بن اور رامسو کے رضاکاروں نے بچائو کارروائیوں کا آغاز کیا اور کئی گھنٹوں کی سخت محنت کے بعد گہری کھائی میں 6 میں سے 3 افراد کی لاشیں بر آمد کیں جبکہ مزید 2نے ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑدیا۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں ایک شخص بچ نکلا ہے اور اسیزخمی حالت میں جموں منتقل کیا گیا ہے ۔پولیس نے مرنے والوں کی شانخت 35 سالہ ڈرائیور گارو رام ولد ہنس راج ساکن تالاب تلو جموں ، ونیتا کور دختر جے پی سنگھ ساکنہ گپکار روڈ سرینگر ، شگن کمار ہیڈ کانسٹبل سی آر پی ایف 73 بٹالین ساکن کانگڑا ہماچل پردیش ، محمد رفیق ولد لعل دین ساکن بالا کوٹ اوڑی اور سنجیو کمار ولد راکھی رام فالوور آئی آر پی بٹالین ساکن ریاسی کے طور کی گئی ہے جبکہ اجیت کمار ولد کلدیپ کمارکانسٹیبل آئی آر پی تھرڈ بٹالین ساکن بلاورکٹھوعہ کو مزید علاج کیلئے جموں منتقل کیا گیا۔ادھرہفتے کی صبح خونی نالہ کے نزدیک پیش آئے حادثے کے فورا ًبعد شیر بی بی کے مقام ایک چھوٹی لوڈ کئیریر گاڑی گرتے پتھر کی زد میں آگئی جس کی وجہ ڈرائیور 28 سالہ سہیل احمد وانی ولد محمد اشرف وانی ساکن عشر بانہال شدید زخمی ہوا جسے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔ بھاری پتھر سے گاڑی کا کیبن مکمل طور پر تباہ ہوا ہے۔ادھرلداخ سے سرینگر آرہے ایک ٹرک کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور ہلاک اور اسکا بھائی کنڈیکٹر شدید طور پر زخمی ہوا۔یہ حادثہ فتیلہ کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب ٹرک زیر نمبر JK01P/8724فتیلہ کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر تین سو فٹ نیچے کھائی میں گر گیا۔حادثہ کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور محمد اسلم فامڈا ولد عبدالغنی فامڈا ساکن گنڈ ہاکنار کنگن موقعہ پر ہلاک جبکہ ڈرائیور کا بھائی کنڈکٹر منیر احمدشدید طور پر زخمی ہوگیا ، جسے کھلسی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔