بانہال//سرینگرجموں شاہراہ پر پنتھیال کے مقام پرایک ڈمپراورسوِفٹ کار کے درمیان ٹکر ہونے کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں سڑک سے نیچے کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں گاڑیوں میں سوار دوآدمی زخمی ہوگئے۔ بدھ کی صبح پولیس تھانہ رامسو کی حدود میں پنتھیال مقام پرایک تیز رفتار ڈمپر نے ایک سوِفٹ کار کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں کار اور ڈمپر سڑک سے لڑھک کر ایک سو فٹ نیچے نالہ میں گر گئے۔ اس حادثے میں ڈمپر اور کار کا ایک ایک مسافر زخمی ہو، جبکہ سوِفٹ کار سے ایک شخص کے فرار ہونے کی بھی خبر ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ڈمپر نمبر JK-19 /8206 جس کا ڈرائیور بشیر احمد ولد منگہ ساکنہ سنگلدان ہے، گول بانہال سے رام بن جارہا تھا کہ پنتھیال کے قریب پہنچنے پر مخالف سمت سے آنے والی کار نمبر JK92AK/6061 سے ٹکرایا اور دونوں گاڑیاں شاہراہ سے قریب ایک سو فٹ نیچے گر گئیں ۔سوِفٹ کار ڈرائیورجس کی شناخت نہ ہوسکی، نے بغیر کسی اجازت کے کار کی ڈکی میں دو گائیوں کو لیجارہا تھا ۔ حادثے کی وجہ سے ڈمپر کا ڈرائیور بشیر احمد اور کار کا ایک سوار عامر احمد ولد محمد آزاد ساکنہ چورثھ ضلع کولگام زخمی ہوئے اور دونوں کو پی ایچ سی رامسو منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ۔ دونوں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حادثے کے بعد سوِفٹ کار سے ایک سوار فرار ہوا اور بتایا جارہا ہے کہ وہ ہی کار کو چلا رہا تھا۔ اس سلسلے میں پولیس سٹیشن رام سو نے ایک کیس زیرنمبر 124/2021 درج کیا ہے۔