بانہال//ٹریفک پولیس کی ایک ایڈوائزری میں کہاگیا ہے کہ منگلوار کو سرینگرجموں شاہراہ پر دوطرفہ ٹریفک کوچلنے کی اجازت ہوگی تاہم جموں سے سرینگر جانے والی گاڑیوں کو صبح6 بجے سے دوپہربارہ بجے تک نگروٹہ کوپار کرنا ہوگاجبکہ سرینگرسے جموں جانے والی گاڑیوں کو صبح آٹھ بجے سے دوپہر بارہ بجے تک قاضی گنڈ سے پار کرنا لازمی ہوگا۔ا س دوران سوموار کو سرینگر جموں شاہراہ پر رام بن اور رام سو کے درمیان کئی مقامات پر تریفک جام کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل وحرکت سست رہی۔ رام بن بانہال سیکٹر میں متعدد مقامات خاص کر قصبہ بانہال میں آئے روز کے ٹریفک جام کی وجہ سے ضلع رام بن کے بانہال نوگام، کھڑی مہومنگت ، رامسو نیل ، اکڑال پوگل پرستان ، ڈگڈول اور بیٹری چشمہ کے عام لوگوں ، مریضوں، سرکاری ملازمین کو ناقابل بیان مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ معمول کی طرح پیر کے روز بھی قصبہ بانہال میں وقفے وقفے سے ٹریفک جام کا سلسلہ چلتا رہا تاہم تین بجے بعد جام پر قابو پایا گیا۔