سرنکوٹ// سرنکوٹ کے صدر مقام سے کئی کلومیٹر دور بیر اور بتیڑ علاقہ تمام طرح کی بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگ قدیم طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ گائوں میں جہاں پانی ،بجلی اور سڑک جیسی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں وہائیں لوگوں کو مواصلاتی نظام بھی فراہم نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ گائوں میں ابھی تک کوئی پرائمری ہیلتھ سنٹر تعمیر نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو علاج معالجہ کیلئے کئی کلو میٹرکی پیدل مسافت طے کر کے دیگر علاقوں میں جانا پڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ناذ بیر کی وارڈ نمبر نو میں 20برس قبل ایک کمرے پر مشتمل پی ایچ سی سنٹر دیا گیا تھا جو کہ مقامی شخص کے گھر میں رکھا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ عوامی مشکلات و مانگ کو دیکھنے کے باوجود بھی متعلقہ محکمہ کی جانب سے عمارت کی تعمیر عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ہیلتھ سنٹر میں بھی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکل وقت میں بھی کئی کلو میٹر دور قائم کر دہ سرنکوٹ ہسپتال میں جانا پڑتا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دور افتادہ علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔