سرنکوٹ //پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے بالائی علاقے میں آسمانی برق کی زد میں آکرمیاں بیوی سمیت 3افراد لقمہ اجل جبکہ 6زخمی ہوگئے ۔یہ واقعہ گمسر علاقے میں پیش آیاہے جہاں لوگ گرمیوں کے موسم میں مال مویشی لیکر جاتے ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ بہرام گلہ کے نزدیک واقع اس علاقے میں سرنکوٹ کے کئی خانہ بدوش کنبے اس وقت مال مویشی کے ہمراہ موجود ہیں جہاں پیر اور منگل کی درمیانی شب کو آسمانی برق پڑنے سے 3افراد کی ہلاکت ہوئی جبکہ 6زخمی ہوئے ۔مرنے والوں کی شناخت محمد اسحق ولدمحمد دین ،اس کی اہلیہ زرینہ اختر ساکنان لٹھونگ سرنکوٹ اور جاوید حسین شاہ ولد حاکم حسین شاہ ساکن لسانہ سرنکوٹ کے طور پر ہوئی ہے ۔ایس ڈی ایم سرنکوٹ سلیم قریشی نے بتایا’’ان تینوں کی موقعہ پر ہی موت ہوگئی اور مقامی لوگوں و انتظامیہ کی ٹیموں نے نعشوں کو لایاہے ‘‘۔واقعہ میں 6افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال داخل کیاگیاہے تاہم ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے ۔زخمیوں کی شناخت محمد سلیمان، محمد خالق، محمد فاروق،عادل احمد،عادش احمد اور محمد یونس کے طور پر ہوئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو نے بتایاکہ میاں بیوی سمیت تین افراد لقمہ اجل بنے ہیں اورفوری طور پر لواحقین کو 25ہزار روپے کی امداد فراہم کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔اس دوران درجنوں مویشیوں کے بھی ہلاک ہونے کی اطلاع ہے ۔