محتشم احتشام
سرنکوٹ//ادویات کی ترسیل و فروخت میں شفافیت کو یقینی بنانے اور غیر قانونی سرگرمیوں پر روک لگانے کے مقصد سے ڈرگ انسپکٹر نے منگل کے روز سرنکوٹ کے مختلف علاقوں میں متعدد میڈیکل شاپس کا اچانک معائنہ کیا۔ یہ خصوصی کارروائی دواؤں کی نگرانی، لائسنسنگ نظام بلکہ مجموعی صحتِ عامہ کے تحفظ کے لئے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔معائنہ کے دوران ڈرگ انسپکٹر نے دکانوں کے ڈرگ لائسنس، اسٹاک رجسٹر، اسٹوریج کنڈیشنز، ادویات کی میعادِ استعمال، اور صرف نسخے پر فروخت ہونے والی دواؤں کی دستیابی کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس دوران کئی دکانداروں کو ریکارڈ کی نامکمل اور قواعد و ضوابط کی عدم پابندی پر متنبہ کرتے ہوئے فوری طور پر دستاویزات کی درستی، درست اندراج اور قانون کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ مہم حساس اور کنٹرولڈ ادویات کے غلط استعمال کی روک تھام، غیر قانونی فروخت کی بیخ کنی، اور عوام کی صحت کو درپیش ممکنہ خطرات سے بچانے کے لئے ایک بڑے ضابطہ جاتی ڈرائیو کا حصہ ہے۔اسی دوران ایک اہم ہدایت بھی جاری کی گئی جس کے مطابق تمام میڈیکل شاپ مالکان کو ایک ہفتے کے اندر اندر اپنی دکانوں کے اندر اور باہر سی سی ٹی وی نگرانی نظام نصب کرنا لازمی ہوگا۔ یہ فیصلہ دکانوں میں شفافیت بڑھانے، مشکوک سرگرمیوں کی روک تھام اور دوائیوں کے لین دین کی مسلسل نگرانی کو ممکن بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ڈرگ انسپکٹر نے واضح کیا کہ ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی،جس میں ڈرگ لائسنس کی معطلی، منسوخی یا قانونی چارہ جوئی شامل ہوسکتی ہے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ مقامی انتظامیہ نے بھی اس اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضابطہ جاتی اصلاحات میں بھرپور تعاون کریں۔علاقے کے عوام نے اس مہم کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے میڈیکل شاپس میں نظم و ضبط، شفافیت اور ذمہ داری کے ماحول کو فروغ ملے گا، جو صحتِ عامہ کیلئے نہایت اہم ہے۔