زعفرانی جماعت کوبے نقاب کرنے کیلئے پی ڈی پی کامشکورہوں:بھیم سنگھ
جموں//بھارتیہ جنتاپارٹی کی جانب سے اچانک پی ڈی پی سے حکومت کے سلسلے میں اتحادختم کرنے کے بعدسیاسی حلقوں اورسماجی تنظیموں کی جانب سے مختلف قسم کے تاثرات سامنے آرہے ہیں۔صوبہ جموں کے واحد آزادممبرقانون سازاسمبلی پون گپتانے کہاکہ یہ ہوناہی تھاکیونکہ بی جے پی کے پاس کوئی راستہ نہیں بچاتھا۔گپتا،جو مفتی محمدسعید کے دوروزارت عظمیٰ کے دوران حکومت کاحصہ تھے اوراسے بی جے پی کوٹے سے وزیربنایاگیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیرمیں بی جے پی تیزی کے ساتھ اپنی گرفت کھوچکی ہے اوراپنے حلقوں میں اس کاوقارختم ہوچکاہے۔انہوں نے کہاکہ پتھربازوں کورہاکرنا، یک طرفہ سیزفائر سے بی جے پی قومی سطح پربدنام ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے الائنس ختم کرنے کافیصلہ آئندہ عام انتخاب کے پیش نظرکیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کاوقارقومی سطح پربھی گرچکاہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کے ہرشہری کے حوصلے کوبی جے پی نے پست کیاہے اورنوجوانوں میں انتہاپسندی کارجحان بڑھ رہاہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کواتحادتوڑنے کابھی کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔انہوں نے کہاکہ چیزیں بہترہوتیں اگربی جے پی لوگوں کے مسائل کی طرف توجہ دیتی۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی جموں خطے کے منڈیٹ کااحترا م کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔اس کے برعکس پی ڈی پی نے اقتدارسے فائدہ حاصل کیاہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی اپنے موقف پراٹل رہی جبکہ بی جے پی نے جموں کے منڈیٹ کی توہین کی۔نیشنل پنتھرس پارٹی کے سربراہ پروفیسربھیم سنگھ نے بی جے پی کے جموں وکشمیر حکومت سے حمایت واپس لینے کو اس کی حکمت عملی کا دوسرا مرحلہ قرار دیا ہے تاکہ وہ خود کو قومی منظرنامہ میں محفوظ کرسکے۔پنتھرس سپریمو نے کہاکہ بی جے پی جموں وکشمیر میں پی ڈی پی کی ماتحتی میں بندھوا مزدور کی طرح کام کررہی تھی۔مرکز میں بی جے پی کو جموں وکشمیر کی حقیقی صورتحال کا احساس ہوا اور اس نے اپنے وزرا سے استعفی دینے کے لئے کہہ دیا۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ پی ڈی پی قیادت کے پاس کئی متبادل ہیں کیونکہ اس کے مختلف سیاسی گروپ سے روابط ہیں۔گورنر صرف صدر جمہوریہ (جو اس وقت روم میں ہیں) کے مشورہ پر ہی کام کرسکتے ہیں۔ پروفیسربھیم سنگھ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس دونوں ہی اپنی حکمت عملی پر کام کررہی ہیں لیکن ریاست میں نئے الیکشن ہونے تک گورنر راج ہی واحد راستہ ہے۔انہوں نے پی ڈی پی کابی جے پی کوبے نقاب کرنے کیلئے شکریہ اداکیا۔کشمیری پنڈتوں کی تنظیم پنون کشمیرنے بی جے پی کے فیصلے کاخیرمقدم کیاہے۔انہوں نے رام مادھوکے موقف کی تائیدکی۔