منڈی//سرحدی علاقہ ساوجیاں میں گزشتہ دنوں بارش اور برف باری کے باعث بجلی نظام بری طرح سے متاثرہوا ہے جس کی وجہ سے بجلی کی ترسیلی لائنیں زمیں بوس ہو گئیںاور کئی کھمبے بھی ٹوٹ گئے ۔ مقامی لوگ کئی دنوںسے اندھیرے میں رہ رہے ہیں ۔اس سلسلہ میں لوگوںنے بدھ کے روز محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج بھی کیا اور لاپرواہی کا الزام عائد کیا ۔ان کاکہناتھاکہ برف باری کا سلسلہ شروع ہوتے ہی بجلی سپلائی کاٹ دی گئی جس کو ہنوز بحال نہیں کیاگیا ۔انہوںنے کہاکہ کئی مقامات پر ترسیلی لائنیں گر گئی ہیں اور ملازمین کو درست کرنے میں لیت و لعل کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔پیر مختار نامی ایک شہری نے بتایاکہ محکمہ کی طرف سے علاقہ میں لکڑی کے کھمبے لگائے گئے ہیں جن پر ترسیلی لائنیں زیادہ دیر تک نہیں ٹک سکتی ۔ان کاکہناہے کہ موسم خراب ہونے سے پہلے بھی کئی دفعہ لوگوںنے محکمہ کے اعلیٰ افسران کو اس صورتحال سے آگاہ کیا مگر انہوںنے کوئی توجہ نہیں دی جس کے نتیجہ میں آج ترسیلی لائنیں ٹوٹ گئی ہیں اور لوگ پریشان حال ہیں ۔