محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ میں سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وجے کمار پھول کی برسی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ یہ یادگاری پروگرام ڈسٹرکٹ جوڈیشری پونچھ اور بار ایسوسی ایشن پونچھ کے باہمی اشتراک سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر پونچھ میں منعقد ہوا، جس کا آغاز صبح 9 بجے کورٹ کمپلیکس کے احاطے میں کیا گیا۔ پروگرام وقار اور نظم و ضبط کے ساتھ مکمل ہوا۔تقریب کا آغاز مرحوم وجے کمار پھول کی یادگار پر گلپاشی سے ہوا، جس کے بعد شہید کی مقدس یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر مقررین نے مرحوم کی فرض شناسی، دیانت، اعلیٰ عدالتی خدمات اور ان کی لازوال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ایڈووکیٹ معروف خان، ایڈووکیٹ سنجے رینا اور معزز پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج احسن ملک نے اپنے خطابات میں کہا کہ وجے کمار پھول صاحب نہ صرف ایک باصلاحیت جج تھے بلکہ انسانیت، انصاف اور خدمت کا بہترین نمونہ بھی تھے۔ ان کی شہادت پورے عدالتی نظام کے لئے ایک عظیم نقصان ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔تقریب میں معزز جج صاحبان، ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین، بار کے متعدد سینئر وکلاء ، عدالتی عملہ اور مرحوم جج کے اہلِ خانہ موجود رہیجن کی شرکت نے اس یادگاری پروگرام کو مزید وقار اور معنویت عطا کی۔پروگرام کا اختتام معزز پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج احسن ملک کے پرخلوص اور متاثر کن خطاب پر ہوا، جس میں انہوں نے شہید وجے کمار پھول کی پیشہ ورانہ اخلاقیات، اصول پسندی اور عدالتی نظام کے لئے ان کی قیمتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔بار ایسوسی ایشن پونچھ کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ طاہر محمود آفتاب نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع مرحوم کے لئے ہماری اجتماعی محبت اور احترام کی علامت ہے۔ڈسٹرکٹ جوڈیشری پونچھ اور بار ایسوسی ایشن پونچھ نے شرکت کرنے والے تمام افراد کے لیے گہری تشکر کا اظہار کیا۔