کشتواڑ//ضلع میں پتھروں کی غیر قانونی نکاسی کا کڑا نوٹس لیتے ہوئے حکام نے زنڈیل اور شالیمار نالہ سے پتھروں کی نکاسی پر مکمل پابندی عائد کردی ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔ دفعہ 144کے تحت جاری آرڈر نمبر33مورخہ ستائیس جولائی2018ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ انگریز سنگھ رانا نے متذکرہ بالا نالوں سے پتھروں کی ہر قسم کی نکاسی پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ جاری حکمنامہ میں مزید تحصیلدار اور ایس ایچ او کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس حکمنامہ پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کڑی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ضلع انتظامیہ کے ایک ترجمان کے مطابق، متعدد سماجی تنظیموں نے اس فیصلہ کا سواگت کیا ہے ۔ حال ہی میں مچیل یاترا کے دوران زنڈیل نالہ میں لنگر لگانے والی مہاجن لنگر کمیٹی نے اس فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پتھروں کی نکاسی پر پابندی سے یاترا پر جانے والے شردھالوئوں کی جان کو درپیش خطرات کم ہو گئے ہیں کیوں کہ اس قسم کی کارروائیوں سے وہاں سے گزرتے ہوئے انہیں خطرہ بنا رہتا تھا۔