زندگی ایک سفر کا نام ہے  فکرو فہم

سید سہیل گیلانی
زندگی ایک سفر کا نام ہے ۔ یہ وہ سفر ہے جس میں انسان کو ہر پل ، ہر موڑ پر کسی بھی چیز کے حصول کے لیے جدوجہد كرنی پڑتی ہے ۔ کبھی کبھی زندگی میں کچھ ایسے مرحلے آ جاتے ہیں کہ انسان تھک ہار کر پوری طرح سے ٹوٹ جاتا ہے ، بکھر جاتا ہے ، خود سے ہی روٹھ جاتا ہے اور خاموش ہو جاتا ہے ۔ لیکن یہ چیزیں انسان کو اندر سے مضبوط بنا کر جینا سکھا دیتی ہیں ۔زندگی تو جدوجہد کا ہی نام ہے۔جس میں انسان کو ہر طرح کی مشکلات، دکھ اور تکالیف سے گزرنا پڑتا ہے ۔ اور انہی حالات سے انسان مقابلہ کرکے آگے بڑھتا ہے اور یہی دراصل جینے کا مطلب ہے ۔ کچھ لوگ ایسے حالات سے ہار مان کر بالکل نا اُمید اورمایوس ہوکر بیٹھ جاتےہیں ۔ ایسے لوگ کبھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوتے ہیں ۔ ایسے حالات میں انسان کو چاہیے کہ صبر اور دعا کی راہ تھام لے اور اللہ کے قریب ہو جائے ۔ بے شک اللہ ہر چیز کو سنتا اور دیکھتا ہے اور وہی تمام پریشانیوں کو دور کرنے والا ہے۔
دراصل زندگی اللہ کا دیا ہوا ایک تحفہ ہے اور اسکا ایک مقصد ہے جو کہ ہم پوری طرح سے بھُلا چکے ہیں ۔ اللہ نے انسان کو پیدا کیا اور ساتھ ہی زندگی گزارنے کے طورطریقے بھی بتا دیئے ہیں ۔ اللہ کے خالق اور مالک ہونے پر ہم ایمان تو رکھتے ہیں لیکن اُسکے بتائے ہوئے طریقے پر نہیں چلتے ہیں ۔ جب ہم اس چیز کو مانتے ہیں کہ اللہ ہمارا خالق ، مالک ، رازق اور زندگی عطا کرنے والا ہے تو پھر ہمیں اللہ کے بتائے ہوئے طریقوں پر بھی عمل کرنی چاہیے اور اُسی کے احکامات کے مطابق زندگی گزار لینی چاہیے ۔ اللہ کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنا اور اللہ کو راضی کرنا ہی تو زندگی کا اصل مقصد ہے۔ جدید دور میں کچھ افراد اللہ کے فرمان کو ترک کرکے اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزار لیتے ہیں۔ اُنکے نزدیک زندگی کا کوئی مقصد اور مطلب ہی نہیں ہے ۔ وہ صرف سانس لینے اور چھوڑنے کو ہی زندگی سمجھتے ہیں۔ لیکن کچھ لوگ اللہ اور اُسکے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کے مطابق زندگی گزار لیتے ہیں اور اپنےہر عمل سے اللہ تعالیٰ کو خوش کرتے ہیں ۔ اُنکی زندگی اللہ کی فرمانبرداری اور رضامندی میں گزرتی ہےاور اُنکی زندگی میں ہمیں سکون ، راحت اور اطمینان نظر آتا ہے ۔ یقیناً جو لوگ اللہ کی مرضی کے مطابق زندگی گزار لیتے ہیں، اُنکی زندگی پرسکون گزرتی ہے اور یہی لوگ دنیا اور آخرت میں کامیاب ہیں ، اور جن لوگوں کی زندگی اللہ کی نافرمانی اور ناراضگی میں گزرتی ہے، اُنکی زندگی میں بےچینی کے سوا کچھ بھی نہیں ہوتا، اور اُنکے لیے درد ناک عذاب ہے ۔ اللہ سے دعا رہے کہ ہمیں سکون اور عافیت کی زندگی عطا کرے اور ہمیں اُسی کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔
: [email protected]
������������������