مینڈھر//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی ہدایت پر ضلع پونچھ میں غیر معیاری اورزائد المیعاد ادویات کی جانچ کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ہر دوائی کی دکان کامعائنہ کرکے رپورٹ ضلع انتظامیہ کو پیش کررہی ہے ۔ اس سلسلہ میں کمیٹی نے پونچھ ،سرنکوٹ کے بعد جمعرات کو مینڈھر کا دورہ کرکے دوائیوں کی اٹھارہ دکانوں کا معائنہ کیا اور سات دکانوں کو ایک دن کے لئے بند کرنے کا حکم دیا ۔اس ٹیم کی سربراہی تحصیلدار مینڈھر جہانگیر خان کر رہے تھے ۔ان کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر راجوری پونچھ راجیش انگورانا اور اشتیاق بابا ڈرگ انسپکٹر پونچھ بھی تھے۔انہوں نے مینڈھر میں اچانک اٹھارہ دکانیں چیک کیں جن میں سے سات دکانوں کو کسی وجہ سے ایک دن کے لئے احتیاطی طور بند کیا جبکہ بیس دوائیوں کے مختلف نمونے بھی لئے جو جانچ کیلئے لیبارٹری بھیجے جائیںگے ۔اس دوران ٹیم نے دکانداروں کو ہدایت دی کہ زائد المیعاد اور غیر معیاری دوائی دکانوں پر فروخت نہیں کی جانی چاہیے۔ٹیم کا کہنا تھا کہ اس سلسلہ میں لوگ شکایت کررہے ہیں جس کے بعد ایک ٹیم تشکیل دی گئی جو ضلع بھر میں تمام دوکانوں کامعائنہ کرے گی ۔اس کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بھی دکاندار زائد المیعا ددوائی فروخت کرتے ہوئے پایاگیاتواس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔