عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی//بھارت کی معروف کمپنی ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈاور عالمی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا پلیٹ فارمزنے بھارت میں مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ایک بڑے ڈیٹا سینٹر کے قیام کے لیے شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ یہ جدید سہولت گجرات کے شہر جام نگر میں قائم کی جائے گی۔اعلان کے مطابق اس منصوبے کے تحت 168 میگاواٹ صلاحیت کا ایک ہائی ٹیک ڈیٹا سینٹر آئندہ دو برسوں میں مکمل کیا جائے گا، جسے بعد ازاں توسیع دینے کا بھی امکان موجود ہے۔ یہ بھارت میں اپنی نوعیت کا پہلا بیسپوک اے آئی ڈیٹا سینٹر ہوگا جو براہِ راست ایک عالمی ٹیک کمپنی کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
ریلائنس انڈسٹریز لمیٹیڈاس منصوبے کے تحت مکمل خدمات فراہم کرے گی جن میں ڈیزائن، تعمیر، یوٹیلٹیز کی مینجمنٹ، قابلِ تجدید توانائی کی فراہمی، نیٹ ورک کنیکٹیویٹی اور مجموعی آپریشنل انتظام شامل ہیں۔ اس طرح ریلائنس کو بھارت میں ہائپر اسکیل اے آئی انفراسٹرکچر فراہم کرنے والی ایک سنگل ونڈو کمپنی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ مکمل طور پر قابلِ تجدید توانائی پر چلایا جائے گا جبکہ اس کی کولنگ کے لیے ڈی سیلینیشن کے ذریعے حاصل کردہ سمندری پانی استعمال کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ماحول دوست اور پائیدار ڈیجیٹل انفراسٹرکچر قائم کرنا ہے۔