عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر حکومت نے منگل کو کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت نے ریزرویشن کے معاملے پر اپنی ذمہ داریاں پوری کر لی ہیں اور کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ اب حتمی منظوری کے لیے لیفٹیننٹ گورنر کو پیش کر دی گئی ہے۔ جموں میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا کہ موجودہ حکومت کے قیام کے بعد سے متعدد عوامی نمائندوں اور روزگار کے متلاشی افراد نے ریزرویشن پالیسیوں کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ” وزیر اعلیٰ نے کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دی جس کو چھ ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا کام سونپا گیا، یہ کام مکمل ہو چکا ہے، اور رپورٹ کابینہ کو پیش کر دی گئی ہے، جس نے اسے اکثریت سے منظور کر لیا ہے،” ۔
یونین ٹیریٹری فریم ورک کے تحت طریقہ کار کی تبدیلیوں کو اجاگر کرتے ہوئے، ایتو نے کہا کہ کابینہ کے فیصلوں کو عام کرنے سے پہلے لیفٹیننٹ گورنر کی منظوری کی ضرورت ہوتی ہے۔ “اس سے پہلے، ریاستی حیثیت کے دوران، کابینہ کے فیصلوں کو فوری طور پر شیئر کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج، ایک بار جب کابینہ کسی ایجنڈے کو منظور کر لیتی ہے، اسے حتمی منظوری کے لیے لیفٹیننٹ گورنر کے پاس بھیجا جاتا ہے۔ تب ہی فیصلوں سے آگاہ کیا جا سکتا ہے” ۔انہوں نے مزید کہا کہ ذیلی کمیٹی نے ریزرویشن کے مسائل سے متعلق تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کی ہے۔ انہوں نے کہا، “کابینہ نے اپنے حصے کا کام کیا ہے، اور اب رپورٹ لیفٹیننٹ گورنر کے پاس ہے، اگر اپوزیشن کے اراکین کو خدشات ہیں، تو انہیں حتمی منظوری کے لیے ذمہ دار اتھارٹی سے بات کرنی چاہیے۔