راجوری /تھنہ منڈی //ریاضی کے قومی دن کی مناسبت سے ماڈل بوائز ہائرسکینڈری سکول راجوری اور گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں تقاریب منعقد ہوئیں ۔ راجوری میں منعقد ہوئی تقریب میں بڑی تعداد میں طلباء اور اساتذہ نے شرکت کی ۔اس پروگرام کی صدارت سکول کے پرنسپل رئوف ڈارنے کی ۔اپنے خطاب میں انہوںنے کہاکہ سرینواسا راما نجن نے ریاضی کے شعبے میں اہم خدمات انجام دیں جن کے نام کی مناسبت سے اس دن کو منایاجارہاہے ۔ڈار نے طلباء پر زور دیاکہ وہ ریاضی کے شعبے کو اہمیت دیں کیونکہ یہ ایسا شعبہ ہے جو روزبروز ضرور ت پڑتاہے ۔اسی سلسلہ میں گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شکیل احمد رینہ کی قیادت میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔اس دوران سیمپوزیم کروایاگیاجس میں ایم ای ٹی ہائراسکینڈری سکول تھنہ منڈی کی افرا شکیل نے سکول کیٹاگری میں پہلی جبکہ لٹل اینجلز ہائراسکینڈری سکول راجدھانی کے فیضان شکور اور سرسید انسٹی ٹیوٹ بہروٹ کے کامران مشتاق نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ۔وہیں کالج کیٹاگری میں پہلی پوزیشن سہریش جبین نے حاصل کی جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب بشریٰ جبین اور محمد یعقوب نے پائی ۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر شکیل رینہ نے ریاضی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہاکہ ایسے پروگرام کالج میں منعقد ہوتے رہنے چاہئیں ۔پروگرام میں بڑی تعداد میں طلباء اور عملہ بھی موجود تھا۔