محمد تسکین
بانہال// وزارت ریلوے نے جموں و کشمیر میں ریاسی اور پونچھ کے درمیان مجوزہ نئی ریلوے لائن کے لیے فائنل لوکیشن سروے (FLS) کو منظوری دے دی ہے۔8 اپریل کو ریلوے بورڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری مواصلت کے مطابق، شمالی ریلوے کو 190 کلومیٹر لمبی لائن کے لیے سروے کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔دستاویز میں کہا گیا ہے کہ سروے کی لاگت 26.41 کروڑ روپے رکھی گئی ہے۔مجوزہ ریاسی پونچھ ریل لنک سے یونین ٹیریٹری کے سرحدی اضلاع میں رابطے بڑھانے اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ دور دراز علاقوں تک رسائی کو بہتر بنانے کی امید ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ سروے کے اخراجات ریلوے کے پالیسی سازی، تحقیق اور دیگر متفرق کاموں کی مد میں وصول کیے جائیں گے۔
یہ سروے مجوزہ لائن کی فزیبلٹی اور سیدھ کا تعین کرے گا، جسے خطے میں ریل کے بنیادی ڈھانچے کی توسیع کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ادھر پانچ روز کیلئے سرینگر اور کٹرہ کے درمیان خصوصی ٹرین سروسز آج سے شروع ہوگی ۔مسلسل خراب موسمی حالات اور قومی شاہراہ کی بار بار بندش کے پیش نظر جموں ریلوے ڈویژن نے مسافروں کی سہولت کے لیے سرینگر اور کٹرہ کے درمیان خصوصی ٹرین سروس چلانے کا اعلان کیا ہے اور یہ ٹرین سروسز آج یعنی ہفتے سے پانچ روز تک چلائی جائے گی ۔شمالی ریلوے حکام کے مطابق یہ خصوصی ٹرین 11 اپریل سے 15 اپریل 2026 تک پانچ دنوں کے لیے چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرین کٹرہ سے صبح 10:05 بجے روانہ ہو کر دوپہر 12:05 بجے بانہال پہنچے گی اور 1:35 بجے سرینگر پہنچے گی جبکہ واپسی کے سفر میں ٹرین سرینگر سے دوپہر 3:10 بجے روانہ ہو کر 4:10 بجے بانہال پہنچے گی اور شام 7:00 بجے کٹرا پہنچے گی۔ اس دوران ٹرین سنگلدان اور ریاسی سٹیشنوں پر بھی رکے گی۔