جموں//پینتھرز پارٹی نے صدر جمہوریہ سے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایک بیان میں پارٹی کے سپریمو پروفیسر بھیم سنگھ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کو مرکزی زیر انتظام علاقہ بنانا نہ صرف غیر آئینی ،نامناسب اور غلط ہے بلکہ یہ ملک کی قومی یکجہتی کیلئے ایک خطرہ بھی ہے۔انہوں نے صدر جمہوریہ سے جے اینڈ کے شہریوں کیلئے تمام بنیادی حقو ق کے اعلانات پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی کیونکہ جموں و کشمیر کے شہریوں کو بھی ملک کے دیگر حصوں میں لاگو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار نے جلد بازی میں یہ فیصلہ لیا،جس میں اس نے تمام سیاسی پارٹیوں بشمول نینشل کانفرنس ،پی ڈی پی اور جے اینڈ کے نینشل پینتھرز پارٹی کو بھی اعتماد میں نہیں لیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ بد قسمتی کی بات ہے کہ جموں و کشمیر میں تمام سیاسی سرگرمیاں ٹھپ ہیں کیونکہ بیشتر کارکنوں کو جیلوں میں رکھا گیا ہے۔