راجوری // رہبر تعلیم اساتذہ کی طرف سے دی گئی کال پر ضلع راجوری کے ونٹر زون کے سرکاری اسکول تالابند ہیں ۔14سے 17تک دی گئی اس کا ل کا اثر طلباء کی تعلیم پڑ رہاہے ۔رہبر تعلیم اساتذہ کاکہناہے کہ انہوںنے یہ ہڑتال سرکار کی طرف سے مطالبات پورے نہ کئے جانے پر کی ہے ۔ان کاکہناہے کہ حکومت انہیں سڑکوں پر آکر احتجاج کرنے پر مجبو رکررہی ہے ۔اس سلسلے میں راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہبر تعلیم فورم کے ضلع صدر آفتاب تانترے نے کہا کہ سرکار ہمیشہ اساتذہ کے ساتھ امتیازی سلوک روارکھتی آئی ہے اوران کی تنخواہیں بغیر احتجاج کے واگزار نہیں کی جاتی ۔انہوںنے کہاکہ ان کے کنبے تنخواہیں نہ ملنے پر بھکمری کاشکار ہوجاتے ہیں لیکن سرکار کو ٹس سے مس نہیں ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری پالیسی کے خلاف ریاستی سطح پر احتجاج کیاجارہاہے جس کی وجہ سے بیشتر مڈل اور پرائمری سکول بند پڑے ہوئے ہیں ۔آفتاب نے کہاکہ ایس ایس اے اساتذہ کی تنخواہوں کا معاملہ حل نہیں کیا جارہا جبکہ اس معاملے میں وزیر خزانہ اور وزیر تعلیم نے وعدہ بھی کیاتھاجسے اب پورا ہی نہیں کیاجارہا ۔ انہوں نے کہاکہ 19جون کو سرینگر میں احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں شرکت کیلئے وہ تمام اساتذہ سے اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ کو ہمیشہ امتیازی سلوک کا شکار کیا گیا جس کی وجہ معلوم نہ ہوسکی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔