مینڈھر//گزشتہ روز مینڈھر میں پیش آئے واقعہ پرامام وخطیب جامع مسجد مینڈھر مولانا محمد سلطان کی قیادت میں ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا جو جامع مسجد مینڈھر سے شروع ہوا اور بس سٹینڈ سے ہوتا ہوا واپس جامع مسجد پہنچا ۔اس موقعہ پربھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد سلطان نے کہا کہ وہ گزشتہ روز پیش آئے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں اور پولیس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سلسلے میں فوری طور پر کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کی بے حرمتی کی گئی ہے اور مسجد ایک کمیٹی جو ہر روز بازار کا چکر لگاتی ہے، کے ساتھ بد تمیزی کرکے نہ صرف اس کے ارکان کی مار پیٹ کی گئی بلکہ ان کا جامع مسجد مینڈھر تک پیچھاگیا۔ انہوںنے مزید کہاکہ جامع مسجدکی سیڑھیوں پر پہنچ کر پتھرائو بھی کیاگیاجس کی ہر ایک مسلمان مذمت کرتاہے ۔مولانانے کہا کہ فوری طور پولیس اس کنبہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کو حراست میں لیاجائے نہیں تو جمعہ کے روزبہت بڑا جلوس نکالا جائے گاجس کی ذمہ واری انتظامیہ پر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ شرے عام بے ہودہ زبان استعمال کی گئی جو ناقابل برداشت ہے ۔ اس سلسلہ میں جب ایس ڈی پی او مینڈھر سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مقدمہ درج کرکے ان لوگوں کی تلاش شروع کر دی ہے جنھوں نے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی اور مسجد کمیٹی کے افراد کی مار پٹائی کی۔