بانہال // چناب کے پہاڑی ضلع رام بن میں محکمہ تعمیرات عامہ اور محکمہ PMGSY کی طرف سے اب تک سینکڑوں دیہی علاقوں کو سڑک رابطوں سے جوڑا گیا ہے، لیکن سرکار اور تعمیراتی محکموں کی عدم توجہی کی وجہ سے ابھی بھی درجنوں دیہات اور پہاڑی علاقوں میں سڑک رابطے نہ ہونے کی وجہ سے لوگ دشوار گزار زندگی گذارنے پر مجبور ہیں اور سڑک رابطوں کی تعمیر کے مسائل سالوں سے حل ہونے کا نام ہی نہیں لے رہئے ہیں۔ ضلع رام بن میں سب ڈویژن بانہال اور سب ڈویژن رامسو کے درجنوں علاقوں اور پنچایتوں میں آج بھی رسل و رسائل کا تمام نظام انسانوں اور خچروں کی پیٹھ پر لادھ کر لانے سے ہی چلتا ہے اور سڑکوں کا نہ ہونا معمول کی زندگی کو اثر انداز کر رہا ہے۔ پیر پنجال پہاڑی سلسلے کی اونچی چوٹیوں پر آباد ب±زلہ ، ترگام۔ آکھرن ، تراگن ، گوجر بستی بنکوٹ ، اہمہ دردہی ،براڑ گڑی ، پوگل پرستان سینابتی اور چکہ سربگھنی کی چالیس سے زائد پنچایتوں کی چالیس ہزار کے قریب کی آبادی کیلئے سڑک رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو آج بھی پیٹھ پر لادھ کر ہسپتال پہنچانا اور سکولی بچوں کا روزانہ میلوں کا پیدل سفر طے کرکے سکول آنا جانا معمول بنا ہوا ہے۔ان پہاڑی علاقوں میں آباد مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سڑک رابطوں کے نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کی زندگی پچھلے ستر سالوں سے مشکلات سے دوچار ہے اور ابھی تک سڑک کی تعمیر کیلئے سیاسی اور انتظامی سطح پر کسی بھی قسم کے اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سڑک رابطوں کے بغیر لوگوں کو روزمرہ کے کام کاج انجام دینے اور نزدیکی سڑک رابطوں سے اپنے گھروں تک سواد سامان اور راشن پہنچانے کیلئے روزانہ کھڑی پہاڑیوں کا دشوار گزار سفر کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے بچوں کی تعلیم اور طبیِ نظام رابطہ سڑکوں کے نہ ہونے کی وجہ سے متاثرہ ہے اور مختلف محکموں کے سرکاری ملازمین بھی ان علاقوں کا رخ کرنے سے کتراتے ہیں۔ ایگزن PMGSY سب ڈویڑن بانہال گھیان سنگھ سے پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ بانہال کے کھڑی ، رامسو اور اکڑال پوگل پرستان کے بلاکوں میں سڑک کے بغیر قریب چالیس ہزار کی آبادی کیلئے ایک سو ننانوے کلومیٹر لمبی سڑکوں کا جال بچھانے کیلئے 25870 لاکھ روپئے کا ایک منصوبہ اعلیٰ حکام کو بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ ائندہ سال پی ایم جی ایس وائی کے چوتھے مرحلے میں کئی اہم رابطہ سڑکوں پر تعمیری کام شروع کیا جائے گا اور ان سڑک رابطوں کی منظوری کی صورت میں لوگوں کو راحت نصیب ہوگی۔