رام بن //ضلع کے متعدد دیہات بشمول موضع فالتھی، پرنوٹ،کبئی،گوئیند پور، میترا اور ملحقہ بستیاں گذشتہ ایک ماہ سے جموں ،سرینگر قومی شاہراہ پرپرانی سڑک سے متصل جامع مسجد چار گلیار پروجیکٹ پر فلائی اور کے ستون کھڑے کرنے کے لئے بند کر دی گئی ہے ،جسکی وجہ سے یہ علاقے ضلع صدر دفتر سے الگ تھلگ ہوئے ہیں،کیونکہ تب سے یہ سڑک ہر قسم کی نقل و حرکت کے لئے بند کر دی گئی ہے۔اولڈ ایلائنمینٹ روڈ تحصیل گول، سمبر ،کبئی، گندھاری،ٹنگیر، دھرمکنڈ اور دیگر علاقوں کے لئے اہم رابطہ تھا او اب یہ رابطہ بند ہوگیاہے۔اس سلسلہ میںان علاقوں کے لوگ گامون انڈیا پرائیویٹ لیمٹڈ کنٹریکٹر کمپنی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ان لوگوں کا مبینہ الزام ہے کہ مذکورہ کمپنی نے انکے لئے کوئی متبادل رابطہ فراہم نہیں کیا۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان علاقوں کے تقریباً 80000کی آبادی اس سے متاثر ہوئی ہے او رمبینہ شکایت لگائی ہے کہ مذکورہ کمپنی سڑک کی مرمت کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس سلسلہ میں مُظاہرین نے کنسٹریکشن کمپنی کے خلاف احتجا ج کیا جھولا برج سے میترا چوک تک ایک احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنے پر بیٹھ گئے۔مکینوں کا مبینہ الزام ہے کہ اس رابطہ کے بند ہونے کی وجہ سے اس کثیر آبادی والے علاقے کو گونا گوں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کارروباریوں ، طلاب کو ضلع ہیڈ کوارٹر تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مظاہرین نے متنبہ کیا کہ اگر ایک ہفتے تک اس سڑک کی مرمت نہیں کی گئی تو وہ احتجاج میں شدت لائیں گے۔