نئی دلی //کانگریس کی جانب سے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی 30ویں برسی کے موقع پر راہل اور پرینکا سمیت متعدد لیڈران نے خراج عقیدت پیش کیا۔سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی برسی کوکانگریس پارٹی کی جانب سے اس دن کو خدمت اور خیرسگالی کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا تھا اور پارٹی لیڈران اور کارکنان سے اپیل کی گئی ہے کہ ان لوگوں کی مدد کی جائے جو کورونا کی وبا سے متاثر ہیں۔ اس موقع پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت متعدد لیڈران نے آنجہانی راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو 21 مئی 1991 کی شب تمل ناڈو کے سری پیرومبدور میں ایک انتخابی ریلی کے دوران ایک خاتون خود کش حملہ کی جانب سے قتل کر دیا گیا تھا۔ اس واقعہ میں خود کش حملہ آور دھنو سمیت 14 افراد کی جان چلی گئی تھی۔