راجوری//راجوری ڈاک بنگلہ میں کانگریس پارٹی کی طرف سے یک روزہ کنونشن کااہتمام کیاگیاجس میں کافی تعدادمیں لوگوں نے شرکت کی ۔اس کنونشن سے ریاستی صدرکانگریس پارٹی غلام احمد میرنے خطاب کیا۔انہوں نے کہاکہ مخلوط سرکار عوامی مسائل کوحل کرنے جہاں ایک طرف غیرسنجیدہ ہے وہیں دوسری طرف مکمل طورپرناکام بھی ہوچکی ہے،لوگوں سے روزگارفراہم کرنے کے جووعدے کئے گئے تھے ان کوبھول کرسرکاراپنے وزرااوردیگر حواریوں کے جیب بھرنے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست کی سرحدوں پرپہلے کے مقابلے ان تین سال میں سب سے زیادہ حالات خراب رہے اورلوگوں کو اس دوران ممکنہ سہولیات تک فراہم نہ کی گئیں جوسرکارکی ناکامی کامنہ بولتاثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ بے روزگار نوجوانوں کی تعدادانتہاکوپہنچ چکی ہے لیکن سرکار ہاتھ پرہاتھ رکھے بیٹھی ہے۔انہوں نے سرکارسے کہاکہ وہ نوجوانوں کے مستقبل کوبچاتے ہوئے روزگارفراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پرکام کرے تاکہ ہرتعلیم یافتہ نوجوان کواس کا حق ملے۔میر نے وہاں موجودلوگوں کاشکریہ اداکیاجنہوں نے اپناقیمتی وقت نکال کرکانگریس کے اس کنونشن میں شرکت کی ۔انہوںنے نوشہرہ کے لوگوں کواے ڈی سی پوسٹ دینے کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ ان لوگوںسے وعدے پورے کئے جائیں ۔اس موقعہ پر مدن لعل شرما،شام لعل شرمااورسابق وزیرصحت شبیراحمد خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس واحدجماعت اورملک کی نمائندہ تحریک ہے جوآزادی سے ہی ملک کی تعمیروترقی میں پیش پیش ہے اورجس کے پاس نوجوانوں کے لئے مستقل لائحہ عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ پچھلے تین سال میں عوام کوبیروزگاری اورمہنگائی کے علاوہ کچھ بھی نہ ملاہے ۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کوچاہئے کہ وہ کانگریس پارٹی کو مضبوط کریں اور تعمیروترقی میں شمولیت کریں ۔