راجوری //راجوری ضلع میں نامعلوم افراد نے ایک 27سالہ نوجوان کو قتل کر دیا جس کے بعد اہل خانہ نے جموں پونچھ شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کرتے ہوئے معاملہ میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔جموں و کشمیر پولیس نے بتایا کہ انکوش شرما ولد بچن کمار سکنہ چکالی کو نامعلوم افراد نے قتل کر دیا جبکہ مذکورہ نوجوان پیشہ سے الیکٹریشن تھا ۔انہوں نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی شام مذکورہ نوجوان کو نا معلوم افراد نے قتل کر دیا ۔انہوں نے بتایا کہ اہل خانہ کے مطابق منگل اور بدھ کی رات ایک بجے کے قریب چا سؤر سے پانچ افراد ان کے گھر میں داخل ہوئے اور انہوں نے مذکورہ نوجوان پر مبینہ طور پر حملہ کر کے ہلاک کر دیا ۔ اہل خانہ نے بتایا کہ تمام ملزمان حملہ کرنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے تاہم مقتول کی بہن نے مذکورہ افراد کو فرار ہوتے ہوئے دیکھ لیا ۔مکینوں نے بتایا کہ ملزمان نے نوجوان کا بے دردی کیساتھ قتل کیا جبکہ اس واقعہ میں تیز دھار والے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا ہے ۔واقعہ کی خبر موصول ہونے کیساتھ ہی مذکورہ علاقہ سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد جموں پونچھ شاہراہ پر جمع ہو گئی اور انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے لگ بھگ پانچ گھنٹوں تک شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند رکھا ۔مظاہرین نے کہاکہ نوجوان کو بری طرح سے قتل کیا گیا ہے اور ضلع میں مذکورہ نوعیت کا پہلا واقعہ ہے ۔انہوں نے معاملہ کی مکمل تحقیقات کر کے ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کی مانگ کی ہے ۔اس دوران ایڈیشنل ڈسی راجوری اور ایڈیشنل ایس پی راجوری نے معاملہ پر قابو پانے کی کوششیں کی تاہم مظاہرین نے شاہراہ کو بحال کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد ڈی سی راجوری اور ایس ایس پی نے مظاہرین کو معاملہ کے سلسلہ میں سخت کارروائی کرنے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کردیا