عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری میں بووائن اسمگلنگ کے خلاف اپنی مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے راجوری پولیس نے چنگس علاقے میں بڑی کارروائی انجام دی، جس دوران 11 مویشیوں کو بازیاب کر لیا گیا جبکہ اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن راجوری کے دائرہ اختیار میں آنے والے پولیس پوسٹ چنگس کی ٹیموں نے رات کے دوران مختلف مقامات پر ناکے قائم کیے تاکہ بووائن اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے۔
اس کارروائی کی قیادت انچارج پولیس پوسٹ چنگس کر رہے تھے۔کارروائی کے دوران پولیس نے مختلف مقامات سے مجموعی طور پر 11 بووائن جانوروں کو بازیاب کیا۔ اس کے علاوہ ایک ٹاٹا موبائل گاڑی زیر نمبر JK11B-4669 کو بھی ضبط کیا گیا جو اس غیر قانونی سرگرمی میں استعمال کی جا رہی تھی۔گرفتار شدگان کی شناخت مشتاق حسین ولد مقبول اور شوکت علی ولد وزیر محمد قوم گجر ساکن دھنواں، تحصیل و ضلع راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں تین الگ الگ مقدمات زیر نمبر 214/2026، 215/2026 اور 216/2026 متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن راجوری میں درج کیے ہیں۔ حکام کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر افراد اور روابط کا پتہ لگایا جا سکے۔راجوری پولیس نے واضح کیا ہے کہ بووائن اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی اسی شدت کے ساتھ جاری رہیں گی اور اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔