راجوری میں ملی ٹینٹوں کا فدائین حملہ | این آئی اے ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، پولس کی تحقیقات جاری

سمت بھارگو
راجوری//فدائین حملے کے بعد پرگل آرمی کیمپ میں فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم کے ایک دن بعد قومی تحقیقاتی ایجنسی کی ٹیم نے جمعہ کو انکاؤنٹر کی جگہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔حکام نے بتایا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی کی ایک ٹیم راجوری پہنچی اور انکاؤنٹر کی جگہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ٹیم نے اس کیمپ کے فوجی جوانوں سے بھی بات چیت کی تاکہ مجموعی واقعات کا تجزیہ کیا جا سکے۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی اس کیس کی تحقیقات کرے گی یا یہ صرف صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک دورہ ہے۔دوسری جانب جموں و کشمیر پولیس نے تھانہ درہال میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔حکام نے بتایا کہ کیس کے تفتیشی افسر نے ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کر لی ہے اور مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس کچھ مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ درہال میں چند دنوں کی سرگرمیوں میں عسکریت پسندوں کو لاجسٹک سپورٹ حاصل ہوئی تھی۔دریں اثنا، جموں کے ایئرفورس اسٹیشن پر منعقدہ ایک پروقار پھول چڑھانے کی تقریب میں ان بہادر فوجیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے عظیم قربانیاں دیں۔آرمی کمانڈر ناردرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی نے جموں میں بہادروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس کے علاوہ ہندوستانی فوج، فضائیہ اور جموں کی سول انتظامیہ کے سینئر عہدیداروں کی طرف سے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔غور طلب ہے کہ راجوری فدائین حملے میں کل 4فوجی اہلکاروں کی موت ہوئی تھی جبکہ دیگر دو زخمی ہیں ۔