راجوری//قصبہ کی گوجر منڈی مارکیٹ میںہوئے دردناک حادثہ میں ایک عورت کی موت ہو گئی جس کے بعدمتوفیہ کے لواحقین اور علاقے کے دیگر لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مہلوکہ کی شناخت اوشا دیوی زوجہ اجیت کمار ساکن سسلکوٹ ڈونگی راجوری کے طور پر کی گئی ہے۔متوفیہ اپنے بھتیجے کے ساتھ کلینک میں چیک آپ کروانے کے لئے آئی تھی واپسی میں موٹر سائیکل پر گھر جا رہے تھے کہ ایک تیز رفتار موٹر سائیکل عقب سے ٹکر ماری جس کی وجہ سے خاتون زخمی ہو گئی، اسے فوری طور پر ضلع ہسپتال راجوری لے جایا گیا جہاںڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔لواحقین خاتون کی لاش لے کر ہسپتال کے باہر دھرنا پر بیٹھ گئی اور انہوںنے گاڑیوں کی نقل و حرکت مسدود کر دی۔وہ پولیس کے خلاف نابالغ بچوں کی طرف سے موٹر سائیکل چلانے اور تیز رفتاری پر قدغن لگانے کے لئے احتجاج کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک وہ موٹرسائیکل سوارجس نے ٹکر ماری تھی اسے گرفتار نہیں کیا گیا تب تک احتجاج جاری رہے گا۔ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر،ڈی ایس پی او پی ایس اور ایس ایچ او راجوری نے احتجاج کو ختم کرانے کی کوشش ۔تقریباًایک گھنٹے کے احتجاج کے بعد، اے ڈی سی راجوری ممتاز علی موقع پر پہنچے اور قانونی کارروائی نیز مہلوکہ کے لواحقین کو عبوری امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ 2دن کے اندر اندرملزم کو گرفتار کر لیا جائے گاتب جا کہ مظاہرین نے احتجاج ختم کیا اورقانونی کارروائی و پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ان کے گھر والوں کو سونپ دی گئی۔