کیف حسن زیدی
جموں//بے گناہوں کی ہلاکتوں کے سلسلہ میں جموں میں مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی طرف سے ایک مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ڈانگری راجوری حملہ متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور دہشت گردی کو روکنے کے لئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔دہشت گردی اور پاکستان کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے اور حکومت کو بے گناہوں خصوصاً اقلیتوں کی ٹارگٹ کلنگ روکنے میں ناکامی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے مظاہرین نے حکومت سے دہشت گردی پر قابو پانے اور بے گناہوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ان سیاسی جماعتوں کے سرکردہ لیڈروں نے موم بتیاں ہاتھوں میں لیکر ’’آتنک واد ہے، دہشت گردی ختم کرو، بے گناہوں کا قتل بند کرو، اقلیتوں کا قتل بند کرو، ہندو مسلم سکھ بھائی بھائی، آواز دو ہم ایک ہیں‘‘ کے نعرے لگائے۔مقررین نے ڈانگری اور دیگر واقعات کے دہشت گردی کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور معصوموں بالخصوص اقلیتوں کی ٹارگٹ کلنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور ڈبل انجن بی جے پی حکومت کو معصوموں کے تحفظ میں ناکام ہونے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔انہوں نے دہشت گردی کی روک تھام اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔احتجاج میں حصہ لینے والوں میں شیخ عبدالرحمن سابق ایم پی، رمن بھلا، رویندر شرما (کانگریس)، رتن لال گپتا، عبدالغنی ملک، شیخ بشیر (این سی)، منیش ساہنی (شیو سینا)، کامریڈ مظفر سی پی آئی ایم، سکھدیو سنگھ(ڈی وائی سی)، نریندر کھجوریہ آئی ڈی پی، آئی ڈی کھجوریہ، آئی ڈی پی کنوینر مورچہ، نریندر سنگھ خالصہ (اکالی دل ، وجے لکشمی دتہ، وجے لوچن، عبدالغنی تیلی، نریندر سنگھ، وارث گل، (این سی)زاہدہ خان، ششی شرما پون رائنا، وجے شرما، کپل سنگھ، وملا سلا موجود تھے۔