سید امجد شاہ
جموں//جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، جموں نے بدھ کو تمام عدالتوں میں اپنے کام کا بائیکاٹ کیا اور حال ہی میں اسلحہ برداروں کے ذریعہ راجوری میں معصوم لوگوں کے بہیمانہ قتل کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔جموں بار کے صدر ایم کے بھاردواج کی قیادت میں وکلاء جانی پور کے کورٹ کمپلیکس میں جمع ہوئے اور پاکستان کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔وکلاء نے عدالت کے احاطے میں ایک جلوس بھی نکالا اور پاکستان اور ملک دشمن قوتوں کے خلاف نعرے لگائے جنہوں نے اتوار کی شام ضلع راجوری کے اپر ڈانگری گاؤں میں پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر (پی او جے کے) کے پناہ گزینوں کے تین گھروں پر گولیاں چلا کر ہلاک کر دیا۔دریں اثنا، جموں بار نے گائوں اپر ڈانگری میں معصوم اور نہتے شہریوں بشمول بچوں کے قتل کے خلاف تمام عدالتوں، ٹربیونلز، کمیشنوں، ریونیو کورٹس میں کام معطل کر دیا جس نے جموں و کشمیر میں معاشرے کے ہر مہذب شہری کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔جموں بار ایسوسی ایشن کے صدر، بھردواج نے کہا’’جموں بار کی رائے ہے کہ اگر مستقبل میں ایسے واقعات کو جموں و کشمیر کی انتظامیہ کی طرف سے روکا نہیں گیا تو جموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں کے پاس احتجاج / ایجی ٹیشن کو تیز کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوگا اور وہ عوام سے جموں بند کے لیے اپیل کرے گی‘‘۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کو پناہ دے رہا ہے اور انہیں یونین ٹیریٹری میں لوگوں اور سیکورٹی فورسز کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے متاثرین کے لواحقین کے لیے 20 لاکھ روپے بطور ایکس گریشیا اور سرکاری نوکریوں کا مطالبہ کیا۔انہوں نے ولیج ڈیفنس کمیٹی کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا تاکہ وہ اپنا اور اپنے پڑوسیوں کا مؤثر طریقے سے دفاع کر سکیں۔راجوری میں اقلیتی برادری کے لوگوں کے قتل کے خلاف احتجاج میں بی جے پی کے کارکنوں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرنے کے لیے کٹھوعہ کے کالی باڑی چوک پر جموں-پٹھانکوٹ قومی شاہراہ کو جزوی طور پر بلاک کر دیا۔انہوں نے پاکستان کا پتلا نذر آتش کیا اور راجوری میں اقلیتی برادری کے تحفظ میں ناکامی پر انتظامیہ کی مذمت کی۔ادھرشام کو ویئر ہاؤس (نہرو مارکیٹ- جموں) کے تاجروں نے بھی حملہ متاثرین کی حمایت میں اور دہشت گردی کی سرپرستی کرنے پر پاکستان کے خلاف ایک کینڈل لائٹ مارچ نکالا۔انہوں نے پاکستان کے خلاف نعرے لگائے اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔راجندر بازار ایسوسی ایشن، پرانی منڈی بازار ایسوسی ایشن نے بھی راجوری دہشت گردانہ حملے کے خلاف اپنے اپنے بازاروں میں کینڈل لائٹ مارچ نکالے۔