راجوری//راجوری بازار میں دکانداروں کی اجارہ داری راہگیروں کے لئے مشکل کا باعث بنی ہوئی ہے جبکہ ضلع انتظامیہ ان ناجائزتجاوزات کوہٹانے میں ناکام نظر آرہی ہے ۔شہر کے گلی کوچے پہلے ہی کافی تنگ ہیں جن پر مقامی دکانداروں کی اجارہ داری قائم ہے جس کی وجہ سے راہگیروں کو چلنے کاراستہ تک نہیں ملتااور خواتین و بزرگ دھکے کھاتے رہتے ہیں۔ ضلع انتظامیہ خاص کر میونسپل کمیٹی راجوری ناجائزتجاوزات کوہٹانے میں ناکام ثابت ہورہی ہے ۔کئی دکانداروںنے آدھی آدھی سڑک پر قبضہ کررکھاہوتاہے اور اگر بھولے سے کسی راہگیر کی ٹکر سے سامان گر جائے تو دکاندار اس پر برس پڑتے ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ راجوری میںناجائز تجاوزات کے خلاف تو مہم چلائی جارہی ہے کہ ان تجاوزات کے خلاف کیوں کر کارروائی نہیں کی جارہی ۔ انہوںنے کہاکہ سڑکوں کو راہگیروں کیلئے رہنے دیاجائے اور دکانداروں کو اس بات کا پابند بنایاجائے کہ وہ اپنے سامان کو دکانوں کے اندر رکھیں ۔میونسپل کمیٹی راجوری کے ایگزیکٹوآفیسر منظور ن لون نے یقین دلایاکہ اس کے خلاف جلد مہم شروع کی جائے اور ناجائز تجاوزات ختم کی جائے گی ۔