تھنہ منڈی //راجوری بفلیاز سڑک براستہ تھنہ منڈی کی کشادگی کے بجائے صرف تارکول بچھا کر عوام کو خوش کیا جا رہا ہے۔اس سڑک کی لمبائی 44 کلو میٹر ہے اور تاریخی مغل شاہراہ کا اہم ترین حصہ ہے۔ سڑک کی کشادگی کے لئے کئی بار آواز اٹھائی گئی لیکن ٹال مٹول کے سوا کچھ حاصل نہ ہوا اورکئے گئے وعدے بھی ایفا نہ ہوئے ۔یہ سڑک بفلیاز کے مقام پر تاریخی مغل شاہراہ کے ساتھ ملتی ہے۔اسکے علاوہ تھنہ منڈی سے 6کلو میٹر کی دوری پر ایک معروف زیارت بھی موجود ہے جو حضرت با با غلام شاہ بادشاہ رح شاہدرہ شریف کے نام سے منسوب ہے۔دو سال قبل راجوری سے پلانگڑھ تک 15 کلو میٹر پر بلیک ٹاپ کی گئی جبکہ پلانگرھ سے تھنہ منڈی 7 کلو میٹر سڑک پر تارکول نہ بچھائی گئی جس سے عیاں ہوتا ہے کہ محکمہ گریف اس سڑک کی تعمیر میں کتنا سنجیدہ ہے۔ عوام تھنہ منڈی نے متعدد بار یہ مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک کو کشا دہ کیا جائے تاکہ اس سڑک کی حالت بہتر ہو سکے۔انتظامیہ کی یقین دہانیوں کے باوجود بھی کوئی پیش رفت نہ ہوئی ہے۔ اس سڑک کی کشادگی کا کام یکم اپریل سے شروع ہونا تھا۔لیکن اب اس سڑک کو بلیک ٹاپ کر کے عوام کو خوش کیا جا رہا ہے جبکہ اس سڑک کی کشادگی کا کام کیا جا نا مطلوب تھا۔ اس سلسلہ میں جب اسسٹنٹ کمشنر ڈیفنس راجوری عبدالقیوم میر سے بات کی تو انہوں نے بتا یا کہ اس سڑک کو ڈبل لین تعمیر کرنے کیلئے تمام کاغذات مکمل کر کے متعلقہ محکمہ کو روانہ کر دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ گریف کے کمانڈنگ آفیسر کے ساتھ ملا قات ہوئی ہے جس نے بتا یاہے کہ کشادگی کا کام نجی کمپنی کے حوالے کیا جائے گا،اس کے ٹینڈر لگانے میں 6 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے تاہم کما نڈ نگ آفیسر نے مزید کہا کہ پلانگڑھ تا تھنہ منڈی 7 کلو میٹر سڑک کو بلیک ٹاپ کرنے کی منظوری ا ٓچکی ہے جس پر بہت جلد کام شروع کیا جائے گا۔