عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے کل ضلع کولگام کے ڈِی ایچ پورہ علاقے میں واقع گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول (جی ایچ ایس ایس)کھل میں ٹیچرز کوارٹرز کی تعمیر کا اِی۔ سنگِ بنیاد رکھا۔وزیر موصوفہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہل اساتذہ کے لئے مناسب رہائشی سہولیات کو یقینی بنا کر تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے میں بہت اہم ثابت ہوگی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس اَقدام سے علاقے میں مجموعی تعلیمی معیار بلند ہوگا اور دُور دراز علاقوں میں تعینات تدریسی عملے کا حوصلہ بھی بڑھے گا۔اُنہوں نے کہا،’’اَساتذہ کو مناسب رہائشی سہولیت فراہم کر کے حکومت ان کی موجودگی، استحکام اور جذبہ خدمت کو یقینی بنا رہی ہے۔یہ قدم براہِ راست کھل اور قریبی علاقوں میں تعلیمی معیار کی بلندی کا سبب بنے گا۔‘‘وزیر تعلیم نے مزیدکہاکہ دیہی سکولوں میں تعلیمی ماحول کو بہتر بنانا حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے اور اِس مقصد کے لئے سکول کی عمارتوں، لیبارٹریوں، ڈیجیٹل لرننگ سہولیات اور عملے کے رہائشی کوارٹروں جیسے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا ضروری ہے۔اُنہوں نے کہا،’’تعلیم ترقی اور سماجی تبدیلی کی بنیاد ہے۔ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے پُرعزم ہے، چاہے وہ کسی بھی علاقے سے تعلق رکھتا ہو۔ اِس طرح کے اَقدامات سے نہ صرف تدریسی معیار کو بہتری آئے گی بلکہ باصلاحیت اَساتذہ کو دیہی اور دُور افتادہ علاقوں میں خدمات انجام دینے کی ترغیب بھی دیں گے۔‘‘