جموں//دیہی ترقی کے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے لیفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کر کے متعدد معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ مرکزی وزیر نے جموں کشمیر میں کووِڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے دیہی ترقی محکمے کی طرف سے 7 لاکھ ماسک تیار کرنے کی ستائش کی ۔ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ جموں کشمیر میں ایم جی نریگا کے تحت مختلف کاموں کو ایس او پی رہنما خطوط کے تحت جلد ہی شروع کیا جائے گا ان رہنما خطوط کے مطابق مزدوروں کو لازمی طور پر ماسک پہننا ہو گا اور سماجی دوری کو برقرار رکھنا ہو گا ۔ ایم جی نریگا کام شروع کرنے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ یومیہ اجرت والے مزدور مختلف پنچائتی سکیموں کے تحت اپنا روز گار کما سکیں ۔ میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ ایم جی نریگا کے تحت کچھ ترجیحی کاموں کو شروع کیا جائے گا جن میں آبپاشی و واٹر کنزرویشن ، تالاب کی تعمیر ، شجر کاری اور باغبانی سے جُڑی سرگرمیاں ہیں ۔ بصیر خان نے اس موقعہ پر پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت رقومات کی واگذاری کا معاملہ اٹھایا جس کے تناظر میں مرکزی وزیر نے یقین دلایا کہ جموں کشمیر کو یہ رقومات جلد ہی واگذار کی جائیں گی ۔ میٹنگ کے دوران دیہی ترقی سے جُڑے کئی دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔