وزیراعظم کا معاوضے کا اعلان
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//راجدھانی دہلی سے ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ دہلی کے پالم علاقے میں بدھ کی صبح ایک چار منزلہ مکان میں شدید آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں کم از کم 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی دہلی فائر سروس کی ٹیمیں فوراً موقعے پر پہنچ گئیں اور راحت اور بچاؤ کام شروع کر دیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ کچھ ہی دیر میں پوری عمارت دھویں اور شعلوں کی زد میں آگئی۔ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم پہلی نظر میں شارٹ سرکٹ کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ادھرمدھیہ پردیش کے اندور سے آگ لگنے کے بڑے سانحہ کی خبر سامنے آئی ہے۔ برجیشوری انکلیو علاقے میں، تلک نگر پولس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میںایک گھر میں زبردست آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں آٹھ لوگوں کی زندہ جل کر موت ہوگئی جب کہ تین دیگر شدید طور پر جھلس گئے۔ واقعے کے بعد صبح سے ہی راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ آگ لگنے کی ممکنہ وجہ کار چارجنگ سے شارٹ سرکٹ ہو سکتی ہے۔اس دوران ضلع کلکٹر، متعدد انتظامی اور پولیس حکام کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ گئے۔پولیس فی الحال واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے۔ اس دوران شہری انتظامیہ کے وزیر کیلاش وجے ورگیہ، وزیر آبی وسائل تلسی رام سلوات، ایم ایل اے مہیندر ہردیہ، میئر پشیامترا بھارگو اور دیگر عوامی نمائندے جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ادھروزیراعظم نریندر مودی نے قومی دارالحکومت کے علاقے پالم میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور اس المیے میں جان گنوانے والے افراد کے لواحقین کے لیے ‘وزیراعظم کے قومی امدادی فنڈ (پی ایم این آرایف ) سے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) کے مطابق، مودی نے ہر جانی نقصان پر متوفی کے قریبی لواحقین کو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔