جموں//آج نیرجلا ایکادشی کا تہوار پورے جوش و خروش اور روایتی انداز میں منایا گیا ۔ اس موقع پر جہاں مندروں میں خصوصی پوجا ارچنا کا اہتمام کیا گیا تھا وہیں شہر کے ہر گلی محلہ میں شبیلیں لگائی گئی تھیں۔ متعدد مقامات پر لوگوں کی طرف سے لگائی گئی شبیلوں میں راہگیروں کو شربت اور پرشاد تقسیم کیا گیا ۔ بچوں نے ان شبیلوں کے اہتمام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور سڑکوں کے کنارے دن بھر پیدل چلنے والے مسافروں کے علاوہ گاڑیاں روک روک کر ان میں سوار لوگوں کو پانی اور اشیائے خوردنی پیش کیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تہوار وشنو بھگوان سے منصو ب ہے اور ہندو کلینڈر کے مطابق اس ماہ کی11ویں تاریخ کو منایا جاتا ہے اس موقعہ پر عقیدتمند برت رکھتے ہیں اور خصوصی پوجا کی جاتی ہے ۔ نیرجلا ایکادشی کا برت دیگر مواقع پر رکھے جانے والے برت سے الگ ہوتا ہے اور اس برت کے دوران پانی بھی نہیں پیا جاتا ۔