دھندک ۔مرہوٹ رابطہ سڑک کی حالت ابتر عا م لوگوں کی آمد ورفت متاثر ،حکام پر لاپرواہی کا الزام

بختیار کاظمی

سرنکوٹ// تحصیل سرنکوٹ کے دور دراز علاقہ ہاڑی مڑہوٹ کو جوڑنے والی واحد رابطہ سڑک اس وقت مکینوں کیلئے درد سر بنی ہوئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں ہوئی شدید بارش کے بعد سڑک کی حالت مزید ابتر ہوگئی ہے ۔انہوں متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ برس بھر پور کوششوں کے بعد آدھا کلو میٹر سڑک کی مرمت کی جاسکی تاہم اس کے بعد اس کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ۔ مقامی معززین اور پنچایتی اراکین نے محکمہ آر اینڈ بی و ضلع انتظامیہ کوتنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جہاں تحصیل سرنکوٹ کی دیہی پنچایتوں کو انتظامیہ کی جانب سے یکسر نظر انداز کردیاگیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی مرمت کے نام پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بھی رابطہ سڑک کی حالت معیاری نہیں بنائی جاسکی ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پر فنڈز میں ہیرا پھیری کاالزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی جانچ کیلئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ خرچ کئے گئے فنڈز اور زمینی سطح پر سڑک کی صورتحال کا معائینہ کر کے ملوث ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کی مرمت کروائی جائے تاکہ مشکل وقت میں مکینوں کو سہولیت مل سکیں ۔