پلیکیل//بائیں ہاتھ کے اسپنر پروین جے وکرما (92 رن پر چھ وکٹ) کی شاندار گیندبازی سے سری لنکا نے بنگلہ دیش کو دوسرے ٹسٹ میچ کے تیسرے روز سنیچر کو پہلی اننگز میں 251 رن پر سمیٹ کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز سات وکٹ پر 493 رن پر ڈکلیئر کی تھی۔ سری لنکا کو اس طرح پہلی اننگز میں 242 رن کی اہم برتری ملی۔ سری لنکا نے تیسرے دن اسٹمپس تک اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹ کے نقصان پر 17 رن بنالئے ہیں اور اس کی کل سبقت 259 رن کی ہوگئی ہے۔بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں سلامی بلے باز تمیم اقبال نے 150 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے 92 رن، کپتان مومن الحق نے 104 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 49 اور مشفق الرحیم نے 62 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے 40 رن بنائے۔ سری لنکا کی طرف سے جے وکرما نے 32 اوور میں 92 رن دے کر چھ وکٹیں ، رمیش مینڈس نے 31 اوور میں 86 رن پر دو وکٹیں اور سرنگا لکمل نے 10 اوور میں 30 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔یواین آئی۔ م س