ایجنسیز
ملاں پور/افغانستان کے خلاف تاریخی اور ریکارڈ ساز فتح حاصل کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم نے کھیل کے ہر شعبے میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ہندوستانی کیمپ کو اپنے بالرز کی صلاحیتوں پر پورا یقین تھا کہ وہ حریف ٹیم کو دو بار آؤٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے شبھمن گل کا کہنا تھا،”ہم نے اس میچ میں تمام خانوں کو ٹک کیا اور اس بڑی جیت سے بے حد خوش ہیں۔ یہاں گرمی بہت زیادہ تھی، اس لیے ہماری حکمتِ عملی یہ تھی کہ اگر ہم افغان ٹیم کو لنچ سے پہلے یا دوسرے سیشن کے پہلے ڈرنکس بریک تک آؤٹ کر لیتے ہیں، تو انہیں فالو آن کرائیں گے ۔ بصورتِ دیگر، ہمارا پلان تھا کہ ہم خود کچھ سیشنز بیٹنگ کریں گے اور پھر بالنگ کے لیے آئیں گے ۔”کپتان نے مزید کہا کہ جب آپ ٹیسٹ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہیں تو آپ کا ہدف 350 سے بڑا اسکور بورڈ پر سجانا ہوتا ہے ۔ ہمیں اپنے بالرز پر پورا بھروسہ تھا کہ وہ 20 وکٹیں لے لیں گے ۔ ہم اس سیریز کے ذریعے یہ جانچنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ٹیم مختلف اور مشکل حالات میں کیسی بیٹنگ کر سکتی ہے ۔