جموں// دودھ یوجنا اسکیم کے تحت جموں خطہ میں 5ڈیری ولیج قائم کئے جا رہے ہیں جن میں سے دو جموں، ایک ایک کٹھوعہ سانبہ اور راجوری اضلاع میں قائم کئے جا رہے ہیں۔ ہر پروجیکٹ کے قیام پر ایک کروڑ روپے خرچ آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ،وزیر برائے انیمل و شیپ ہسبنڈری عبدالغنی کوہلی نے گزشتہ روز ڈیر ی ولیج پروجیکٹ کی عمل آوری کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ یہ پروجیکٹ اپنے پائلٹ مرحلہ میں ہے اور اس کی تکمیل عنقریب ہی متوقع ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام سے ہر گائوں کے 50افراد مستفید ہوں گے۔ حکومت اسکیم کے تحت سبسڈی اور دیگر مراعات دے گی تا کہ ڈیری فارمنگ کو جدید طرز پر اپنا کر اسے ایک منافع بخش پیشہ کے طو ر پر فروغ مل سکے ۔ وزیر نے محکمہ کے افسران پر زور دیا کہ اس اسکیم کے دائرہ میں غریب ، مستحق مگر محنتی افراد کو لایا جائے اور لوگوں میں اس سلسلہ میں بیداری پیدا کرنے کے لئے بھی ایک پروگرام مرتب کیا جائے ۔اس موقع پر افسران نے وزیر موصوف کو خانہ بدوشوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے لگائے جانے والے موبائل ویٹرنری کیمپوں کی بھی جانکاری دی اور انہیں بتایا کہ سیزنل نقل مکانی کے دوران متعدد مقامات پر ایسی سہولیات دستیاب کروائی جا رہی ہیں۔