بانہال//دفعہ 35 A کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کو نا قابل برداشت قرار دیتے ہوئے مجلس اتحاد ملت جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ ریاست کی آئینی حیثیت کو زک پہنچانے کی کسی بھی قسم کی کوشش کے خلاف پوری قوم سینہ سپر ہے اور ریاست کے آئینی تشخص کو کسی بھی صورت میں زک پہنچانے کی کسی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اپنے ایک بیان میں مجلس اتحاد ملت کے چیئر مین قاری محمد یوسف ضیاء نے دفعہ 370اور 35Aکے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی کوششوں کی شدید الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ سازشیں در حقیقت ریاست کی ڈیمو گرافی کی تبدیل کرنے کا پیش خیمہ ہے اور اسے ناکام بنانے کیلئے ریاست کے لوگ متحد ہیں۔انہوں نے آرٹیکل 35Aکے تئیں ریاستی عوام کے اٹل موقف اور تشخص کا ضامن قرار دیا اور کہا کہ ریاستی عوام ایسی کسی بھی سازش کو ناکام کرنے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے تمام سیاسی ،سماجی اورمذہبی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اپنے سیاسی اور مسلکی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر اس دفعہ کے تحفظ اور بقاء کیلئے متحد ہو جائیں اور اس سلسلہ میں حکومت ہند پر یہ واضح کر دیں کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کے صبر کا امتحان نہلیں ورنہ سخت نتائج بھگتنے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی خصوصی پوزیشن کو ہٹانے کیلئے روزانہ نئے نئے حربے استمال کئے جا رہے ہیں اور انہیں ناکام کرنے کیلئے عوام تیار بہ تیار ہے۔ انہوں نے 30 اور 31 اگست کو دی گئی ہڑتال کی کال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے تمام لوگوں کو اس ہڑتال کی کال کیلئے سامنے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا ریاست کی تاریخ کے اس نازک موڑ پر کسی بھی غفلت شعاری اور لاپرواہی کیلئے آنے والی نسلیں ہمیںکبھی معاف نہیں کریں گی اس لئے ہر ایک پر فرض ہے کہ وہ دل و جان اس دفعہ کی پاسداری کیلئے تیار رہیں ۔انہوں نے اس قسم کی سازشوں کے سلسلہ میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کشمیری عوام نے ہر دور میں ان سازشوں کو ناکام بنانے میں کسی قربانی سے ریغ نہیں کیا ہے اور وہ آئیندہ بھی اپنے وجود اور بقا کی جنگ میں ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے تمام سرکاری ملازمین سے اپیل ہیکہ وہ بھی اپنی بساط کے مطابق اس جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں خواہ وہ کسی بھی شعبہ سے وابستہ ہوں خاص کر جموں کشمیر پولیس بقا کی اس جنگ کو اپنے آنے والی نسلوں کے خاطر اپنا احتجاج حکومت ہند کے سامنے درج کریں۔
کانگریس ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار
۔ 35اے کو ہٹانے کے سنگین نتائج نکلیں گے
محمد تسکین
بانہال // کانگریس کی طرف سے 35 اے کو ہٹانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں 35 آے کو ہٹانے کیلئے سنگ پریوار کے لوگ مختلف گروہوں اور این جی اوز کی صورت میں سامنے آئے ہیں اور ان کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ بانہال میں کانگریس کے سنئیر لیڈر امتیاز احمد کھانڈے نے کہا ہے کہ 35A اور دفعہ 370 ریاست جموں وکمشیر کی آن بان اور شان ہے اور ریاست کا مستقبل ان ہی دفعات سے ہندوستان کے ساتھ جْڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دفعات کشمیر اور ہندوستان کے درمیان ایک پْل ہے اور اگر مرکز اسے توڑنا چاہتی ہے تو وہ ریاست کو ہندوستان سے خود ہی الگ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 35 آے کو ہٹانے کے نقصانات کو خلاف ہندو سملم سکھ عیسائی اور بودھ بخوبی جانتے ہیں اور کانگریس جماعت اس کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کانگریس دفعہ 35 اے کے تحفظ کیلئے ہر طرح سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے ریاستی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اِن دفعات کی مخالفت کرنے والے افراد کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے لوگوں کو اپسی اتحاد اور اتفاق کے ذریعے ان مضموم سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اٹھ کھڑے ہوجائیں۔
سول سوسائٹی کی عوامی رابطہ مہم
ریلوے سٹیشن بانہال میں احتجاجی مظاہرے آج
محمد تسکین
بانہال // سیول سوسائٹی بانہال کی طرف سے پچھلے کئی روز سے دفعہ 35 آے کو ہٹانے کی کسی بھی مضموم کوشش اور سازش کو ناکام بنانے کیلئے لوگوں کو ایک ہی پیلٹ فارم پر متحدہ کررہے ہیں اور اس کیلئے 30 اگست کو ریلوے سٹیشن بانہال میں ایک احتجاجی مظاہرہ اور عوام کو اِن دفعات کی آگاہی کیلئے ایک پروگرام مرتب دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سول سوسائٹی بانہال کے نظیر احمد خان نے کہا کہ سول سوسائٹی کی طرف سے ریلوے سٹیشن بانہال میں 30 اگست جمعرات کو ایک جامع پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو 35A کی ریاست کو خصوصی حیثیت اور اس کے ہٹانے کی صورت میں ریاستی عوام کو منفی اثرات سے آگاہ کیا جاسکے گا۔ اس پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سول سوسائٹی بانہال کی طرف سے ریلوے سٹیشن بانہال میں شامیانے وغیرہ نصب کئے گئے ہیں تاکہ آج جمعرات کو دن بھر چلنے والے پروگرام کے دوران عوام کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔