جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھر، ضلع پونچھ سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم ارو شرما نے جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے تحت منعقدہ دسویں جماعت کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 500 میں سے 494 نمبر حاصل کیے۔ اس شاندار کارکردگی کے ساتھ انہوں نے نہ صرف اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ پورے مینڈھر قصبہ کا نام بھی روشن کیا ہے۔ارو شرما، وکرم شرما اور ریتا بالی کے فرزند ہیں، جن کا تعلق ایک محنت کش گھرانے سے ہے۔ انہوں نے دیگر چند طلبہ کے ساتھ مشترکہ طور پر یہ اعزاز حاصل کیا۔
اپنی کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے ارو شرما نے اس کامیابی کا سہرا اپنے والدین اور اساتذہ کے سر باندھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں محنت، لگن اور بہتر حکمت عملی اپنانے کا ہنر اپنی والدہ سے ملا، جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ان کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے اپنے تعلیمی سفر کے دوران ابتدائی تعلیم سینٹ فرانسس کانوینٹ اسکول سے حاصل کی اور بعد ازاں دیگر اساتذہ کی رہنمائی میں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارا۔ ارو شرما نے خاص طور پر لاتا میڈم اور اپنی والدہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی ان کی کامیابی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی دادی کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے جموں میں ان کے ساتھ رہ کر ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔سرحدی علاقے سے تعلق رکھنے والے ارو شرما کی یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ محدود وسائل کے باوجود محنت، عزم اور مستقل مزاجی کے ذریعے بڑی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ ان کی اس غیر معمولی کامیابی پر پورے مینڈھر اور ضلع پونچھ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔مقامی عوام، سماجی شخصیات اور ماہرین تعلیم نے ارو شرما کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے علاقے کے دیگر طلبہ کے لیے ایک بڑی تحریک قرار دیا ہے۔ ہر جانب سے انہیں مبارکباد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔