راجوری//راجوری پولیس کی طرف سے ایڈوائزری جاری کی گئی جس میں لوگوںسے کہاگیاہے کہ وہ اپنے بچوں کو نہانے کیلئے ندی نالوںمیں نہ بھیجیں۔یہ ایڈوائزری گزشتہ روز پونچھ کے دریا میں پیش آئے واقعہ کے بعد جاری ہوئی ہے جس میں تین لڑکے ڈوب کر لقمہ اجل بن گئے ۔پولیس ایڈوائزری میں کہاگیاہے کہ گرمیوں کی شدت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ یہ دیکھاجارہاہے کہ لوگ ندی نالوں میں نہانے جاتے ہیں جن میں کمسن بچے بھی شامل ہوتے ہیں جو چھلانگیں مار کر کودتے ہیں جو سنگین معاملہ ہے اور والدین کی لاپرواہی ہے اس لئے بچوں کو ندی نالوں میں نہانے کیلئے نہ بھیجاجائے ۔ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے کہاکہ گزشتہ برس غرقآبی کے دس سے زائد واقعات رونماہوئے اور گزشتہ روز پونچھ میں دلدوز واقعہ پیش ہواہے جس کو دیکھتے ہوئے پولیس کی طرف سے والدین سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ندی نالوں خاص کر ایسی جگہوں پر نہانے کی اجازت نہ دیں جہاں پانی سر سے اونچاہو۔ایڈوائزری میں کہاگیاہے کہ ایسی جگہوں پر بالٹی یا دوسرے کسی برتن کی مدد سے نہایاجائے اوراگر کمسن بچے دریا میں نہاتے پائے گئے تو ان کے والدین کے خلاف کارروائی کی جائے گی کیونکہ ان کا یہ عمل انسانی زندگی کیلئے خطرہ ہے ۔