راجوری+گاندربل //راجوری میں سڑک حادثات میںبھائی بہن لقمہ اجل بن گئے جبکہ وتہ لار گاندربل میں آلٹو گاڑی کی ٹکر سے ایک شہری زخمی ہوا۔ راجوری میں پیش آئے ایک دلدوز سڑک حادثے میں نوجوان بھائی بہن لقمہ اجل بن گئے ۔ یہ حادثہ راجوری ۔درہال سڑک پر چٹیار کے مقام پیش رونما ہوا جب کار زیر نمبر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سائیں گنجی صاحب زیارت کے نزدیک گہری کھائی میں جاگری ۔کار میں بھائی بہن سفر کررہے تھے جنہیں فوری طور پر مقامی لوگوںنے ہسپتال پہنچایاجہاں ڈاکٹروںنے انہیں مردہ قرار دیا ۔ان کی شناخت راجہ انظار حسین ولد کوثر حسین اور اس کی بہن رخسانہ اختر کے طورپر ہوئی ہے جو نڈیاں درہال کے رہنے والے ہیں ۔دونوں نعشوں کا پوسٹ مارٹم کرکے انہیں آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کیاگیا ۔وہیں پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔اس حادثے پر راجوری کے عوامی حلقوں میں زبردست دکھ پایاجارہاہے اور لوگ غمزدہ کنبے کو تعزیت پیش کررہے ہیں۔ادھر سمبل منیگام بائی پاس پر وتہ لار گاندربل کے مقام پر الٹو ماروتی گاڑی سے 40 سالہ شہری نظیر احمد بٹ ولد مرحوم غلام محمد ساکنہ وتہ لار زخمی ہوگیا۔مقامی لوگوں نے زخمی شہری کو قریب میں موجود طبی مرکز منتقل کیا جہاں پر نہ ہی طبی عملہ موجود تھا اور نہ ہی ایمبولینس گاڑی کا ڈرائیور دستیاب تھا۔ اس موقع پر زخمی کو نجی گاڑی میں صورہ انسٹیچوٹ منتقل کیا.جبکہ مقامی لوگوں نے طبعی عملے اور ایمبولینس ڈرائیور کی غیر موجودگی کے خلاف سمبل منیگام بائی پاس پر ٹریفک کی نقل و حرکت بند کرکے احتجاج کرتے ہوئے وتہ لار میں موجود طبعی سنٹر کو تالہ لگایا دیا.اس موقع پر مظاہرین تحصیلدار کو موقع پر آنے کا مطالبہ کررہے تھے،اس موقع پر ایس ایچ او لار نے مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ طبعی عملہ کی غیر حاضری کے خلاف اعلیٰ حکام سے بات کی جائے گی ۔