منجاکوٹ//تحصیل منجاکوٹ کے دبروٹ علاقہ میں محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت سڑک کاکام کئی عرصہ سے تعطل کا شکار ہے جس پر مقامی آبادی میں حکام کے تئیں سخت غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ اگرچہ ڈپٹی کمشنر کی مداخلت پر اس سڑک کاکام شروع ہوا ہے تاہم مقامی آبادی کوشکایت ہے کہ چند افراد کو فائدہ پہنچانے کیلئے سڑک نکالی جارہی ہے اور حکام نے مجموعی مفاد نظر انداز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں مقامی لوگوں کے ایک وفد نے پھر سے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری سے مداخلت کرکے سڑک کی مناسب طرح سے تعمیر کروانے کی اپیل کی ہے۔ ایک مقامی شخص کے مطابق اس سڑک پر کئی سال پہلے لگ بھگ تین کلومیٹر تک کھدائی کا کام شروع کیا گیا تھا مگر کچھ لوگوں کی شکایت پر اس سڑک پر کام کو روک دیا گیا جس کے بعد دبروٹ سرپنچ نائب سرپنچ اور نمبردار کی قیادت میں ایک وفد نے ڈپٹی کمیشنر راجوری کے آگے پیش ہو کر سڑک کی تعمیر کی مانگ کی جس پر ڈی سی نے دبروٹ سڑک کے متعلق ایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دی جس کے بعد محکمہ کو ہدایت دی گئی کہ سڑک کا کام کاج شروع کیاجائے جس کے بعد کام تو شروع ہوا مگر یہ سڑک اب چند افراد کی ایما پر انہی کو فائدہ پہنچانے کیلئے نکالی جارہی ہے اور اس سے پورے علاقے کو فائدہ نہیں ملے گا۔ اسی شکایت کو لیکر مقامی لوگوں کا وفد ڈپٹی کمشنر سے ملنے گیا تاہم ان کی ملاقات نہ ہوسکی۔ اس وفد نے ڈی سی سے اپیل کی کہ وہ خود علاقہ کا دورہ کرکے سڑک کو مجموعی مفاد کے لئے تعمیر کرائیں اور جاری کام کو بند کیا جائے کیونکہ اس سے پوری آبادی کو فائدہ نہیں ملے گا۔