یواین آئی
نیویارک// خون جما دینے والی ٹھنڈ سے نیویارک میں 5 افراد ہلاک ہوگئے، میئر زہرانی ممدانی نے شہریوں کو گھر پر پرانے شوز دیکھنے کا مشورہ دے دیا ہے۔نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل اور میئر زہران ممدانی نے بڑھتی ہوئی ٹھنڈ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی اور بتایا کہ سٹی میں اب تک 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔میئر زہران ممدانی نے کہا شہری گھروں میں رہیں اور ٹی وی پر پرانے شوز دیکھیں، پیر کو نیویارک سٹی کے اسکولوں میں آن لائن کلاسز ہوں گی۔ انھوں نے کہا سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے وسائل استعمال کر رہے ہیں، عملے کی تعداد 2 ہزار سے بڑھا کر 2500 کر دی گئی اور برف ہٹانے کے لیے عملہ 12 گھنٹے کی شفٹوں میں کام کر رہا ہے۔ممدانی نے بتایا کہ برفباری سے سڑکیں، فٹ پاتھ اور گاڑیاں ڈھکی ہوئی ہیں، عوام کے لیے 126 پناہ گاہیں، 50 اسپتال، 35 سیف سینٹر کھلے ہیں، شہریوں کو سردی سے بچانے کے لیے 10 وارمنگ سینٹرز کھولے گئے، شہری ہنگامی صورت حال میں 311 پر فوری کال کریں۔گورنر کیتھی ہوچل نے کہا کہ نیویارک کو موسم سرما کے سب سے شدید طوفان کا سامنا ہے، شہر بھر میں انتہائی سخت اور خون جما دینے والی ٹھنڈ ہے اور واٹر ٹاؤن شہر میں منفی 34 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، کوپن ہیگن میں منفی 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔انھوں نے بتایا کہ نیویارک کے مختلف حصوں میں 8 سے 18 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے، اس لیے عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔