شیخ سیف اللہ
حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ مسلمانوں کے تیسرے خلیفہ تھے۔ آپؓ مردوں میں ایمان لانے والے چوتھے شخص تھے۔ ۱ ؍ محرم الحرام ۲۴ ھ سے لیکر ۱۸؍ ذو الحجۃ ۳۵ ھ تک آپ نے خلافت کی باگ دوڑ بخوبی سنبھالی۔ خدائے ذو الجلال نے آپ کو بے انتہا مال عطا فرمایا تھا اور اس سے بڑھ کر اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کا دل نوازا تھا۔ آپ سخی تھے، تلاوت قرآن آپ کی عادت تھی، محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم آپ کا ایمان تھا، نرم دِلی آپ کی طبیعت تھی ، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی دو صاحبزادیاں یکے بعد دیگرے آپ کے نکاح میں رہیں۔حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے کافی مشابہت تھی، دنیا ہی میں جنت کی بشارت مل گئی تھی۔ ان سب خصوصیات کے ساتھ آپ کی نمایاں خوبی تھی’ ’حیا‘‘ ۔ ام المومنین حضرت عائشہؓ کی روایت ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم لیٹے ہوئے تھے، آپؐ کی مبارک پنڈلیاں کھلی ہوئی تھیں ، سیدنا ابوبکرؓ نے اندر آنے کی اجازت چاہی، آئے ، کلام فرمائے اور چلے گئے۔ امیر المومنین سیدنا عمرؓ اجازت کے ساتھ آئے، بات کئے اور چلے گئے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حالت میں کچھ فرق نہیں آیا۔ آپ یوں ہی لیٹے ہوئے تھے۔ سیدنا عثمانؓ نے آنے کی اجازت مانگی تو سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم اُٹھ کر بیٹھ گئے اور اپنا لباس درست فرمانے لگے۔ آپؓ تشریف فرماہوئے، بات کئے اور چلے گئے۔
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا پوچھ اٹھیں: اے اللہ کے رسول! ابوبکرؓ آئے مگر آپ کی حالت میں فرق نہیں آیا، حضرت عمرؓ آئے مگر آپ کی حالت بدلی نہیں اور حضرت عثمانؓ کیا آئے کہ آپؐ سیدھے ہوکر بیٹھ گئے اور اپنے کپڑے درست فرمالئے۔۔۔؟ سیدہ عائشہ ؓ کے اظہار تعجب پر سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے جواباً فرمایا: ’’ کیا میں اس شخص سے حیا نہ کروں جس سے فرشتہ بھی حیا کرتے ہیں ‘‘۔ (صحیح مسلم:۲۴۰۱)
مورخین لکھتے ہیں کہ آپ ؓتنہائی میں بھی برہنہ نہیں ہوتے تھے۔ حیا مختلف باتوں میں الگ الگ طرح کی ہوتی ہے۔ ہمارے سرکارؐ، ہمارے خلیفہؓ نےاپنی زندگی سے ہم گنہگاروںکو یہ درس دیا کہ اپنی ستر ِعورت کسی کے آگے مت کھولو۔ عثمان غنیؓ کی آمد آمد پر سرکار دو عالمؐ نے پنڈلیاں (جوکہ ستر عورت میں داخل نہیں ) تک چُھپالیں ۔ آج ہم میں بعض لوگ شارٹس (shorts)،ٹائی جینس(tie jeans) پہن کر اسلام کا مزاق اڑاتے ہیں۔ فیشن کا نام دیکر عزت محسوس کرتے ہیں۔ حرام ہے ، یہ عمل بالکل حرام ہے۔ ایک تو پہن کر ہم گناہ کر رہے ہیں ، دوسرا اوروں کو اپنی ستر عورت دکھا کر گناہ کر رہے ہیں۔ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے عاشقین کا تو یہ شیوہ، یہ طور یہ طریقہ نہیں ہوسکتا، ہرگز نہیں ہوسکتا۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے : اگر شرم نہیںیعنی بے شرم ہو تو کچھ بھی کرو۔ اللہ پاک ہمارے ایمان کی حفاظت فرمائے ۔
(رابطہ۔9491432393)
[email protected]>
خلیفہ سومؓکی زندگی کا پیغام