ڈوڈہ//وادی چناب میں اپنی پارٹی دن بدن مضبوط ہورہی ہے اور یہ جماعت جموں و کشمیر کی عوام کی آواز بن کر تیزی سے ابھر کر سامنے آرہی ہے۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی کے صوبائی نائب صدر سید اصغر علی نے خطہ چناب کے اپنے دورے کے دوران ڈاک بنگلہ ٹھاٹھری میں پارٹی کارکنوں کی ایک میٹنگ سے مخاطب ہوتے ہوئے کیا۔اس دوران مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ ورکروں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔صوبائی نائب صدر نے ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے کہا کہ یوٹی کے دیگر خطوں کی طرح خطہ چناب میں بھی اپنی پارٹی میں لوگ بھاری تعداد میں شامل ہورہے ہیں جو کہ اس بات کی علامت ہے کہ خطہ میں یہ جماعت دن بدن مضبوط ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی پارٹی ہر وقت کوشاں رہے گی اور ہر اس شخص کے لئے دروازے کھلے ہیں جو لوگوں کی آواز بن کر کام کرنا چاہتا ہے۔سید اصغر علی نے کہا کہ لوگوں نے ہم پر اعتماد کیا ہے اور ہم ان کے مسائل حل کرنے کے لئے پرعزم ہیں جو کہ ایک عام آدمی کی معمولات زندگی کو متاثر کر رہے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے ضلع ڈوڈہ کی نئی کمیٹی کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے زمینی سطح پر جا کر پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کرنے و عوامی مسائل ارباب اقتدار تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرنے پر زور دیا ہے۔