راجوری //خسرہ کی روک تھام کے مقصد سے روبیلا ہیلتھ حکام کی طرف سے سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں عوامی سطح پر مہم چلانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جس دوران تین مراحل میں نو ماہ سے پندرہ سال تک کی عمر کے4لاکھ،62ہزار816بچوں کا احاطہ کیاجائے گا۔اس ویکسین پروگرام کی نگرانی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے بھی کی جارہی ہے جس نے راجوری پونچھ میں بھی ماہرین تعینات کئے ہیں اور یہ مہم یہاں ستمبر کے مہینے سے شروع ہورہی ہے ۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق یہ پروگرام ہندوستان کی مختلف ریاستوں سمیت جموں وکشمیر میں بھی شروع ہورہاہے ۔ڈی آئی او(ڈسٹرکٹ امیونائزیشن افسر)راجوری ڈاکٹر انیس نبی کو نوڈل افسر بنایاگیاہے جبکہ محکمہ نے نوماہ سے لیکر پندرہ سال تک کے 2,81000بچوں کے اعدادوشمار جاری کئے ہیں جن کو یہ ویکسین دی جائے گی ۔اس حوالے سے گزشتہ مہینے راجور ی پونچھ کے طبی حکام نے ایکشن پلان مرتب کیاجس کے مطابق یہ پروگرام تین مراحل پر مشتمل ہوگا اور اس کے تحت سوفیصد کامیابی حاصل کی جائے گی ۔ذرائع نے بتایاکہ پہلے مرحلے کے تحت سکولوں ، آنگن واڑی مراکز ، دیگر سرکاری اداروں اور سماجی اداروں جیسے مدرسوں ، آشرم کا احاطہ کیاجائے گاجبکہ دوسرے مرحلے میں پنچایت گھروں تک پہنچایاجائے گاتاکہ ان بچوں کا احاطہ کیاجاسکے جو پہلے مرحلے سے باہر رہ گئے اور اسی طرح سے تیسرے مرحلے کے تحت تمام ان بچوں کا احاطہ کرنے کی کوشش کی جائے گی جو پہلے دو مراحل سے باہر رہ گئے ہوں گے تاکہ سوفیصد نتائج حاصل کئے جاسکیں ۔پلان کے مطابق تمام طبی مراکز میں کائونٹر چلائے جائیں گے تاکہ لوگوں کو مشکلات درپیش نہ ہوں اور وہ آسانی سے ویکسین کرواسکیں ۔ دریں اثناء پونچھ ضلع میں بھی ایسے ہی پلان کے مطابق کام ہورہاہے ۔ذرائع کے مطابق پونچھ کی578406آبادی میں سے 181816بچے نو ماہ سے پندرہ سال کی عمر کے ہیں جن کا احاطہ کیاجائے گا۔رابطہ کرنے پر ڈاکٹر انیس نبی نے بتایاکہ اس مہم کا مقصد خسرہ کی روم تھام اور اسے جڑ سے ختم کرناہے جیساکہ اس سے قبل پورے ملک میں پولیو کا خاتمہ کیاگیاہے ۔انہوں نے بتایاکہ وہ پلان کو حتمی شکل دینے جارہے ہیں اور اس مہم کے تحت سوفیصد نتائج حاصل کئے جائیں گے ۔انہوں نے مزید بتایاکہ اس سلسلے میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے ڈاکٹر اروند دباس کو بطور طبی ماہر تعینات کیاگیاہے جو راجوری پونچھ میں مختلف مقامات پر ورکشاپ منعقد کررہے ہیں ۔