جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کی تحصیل منکوٹ سے تعلق رکھنے والے محمد صدیق نے ضلعی انتظامیہ سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک غریب، بے سہارا اور مسکین شخص ہے، جنہیں اپنی ہی خریدی گئی زمین پر مکان تعمیر کرنے سے روکا جا رہا ہے۔محمد صدیق کے مطابق انہوں نے تقریباً چالیس سال قبل یہ زمین قانونی طور پر خریدی تھی، جہاں ان کا ایک پرانا مکان موجود ہے جو اب انتہائی خستہ حال ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مکان کی حالت اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ وہ کسی بھی وقت گر سکتا ہے، جس سے ان کے اہلِ خانہ کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ اسی پیش نظر وہ نیا مکان تعمیر کرنا چاہتے ہیں تاکہ اپنے خاندان کو محفوظ رہائش فراہم کر سکیں، تاہم کچھ بااثر افراد اس میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مذکورہ افراد نہ صرف انہیں تعمیراتی کام سے روک رہے ہیں بلکہ بار بار دھمکیاں بھی دے رہے ہیں، جس سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ محمد صدیق کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے محکمہ مال کے اعلیٰ حکام سے بھی رجوع کیا، لیکن انہیں اب تک کوئی عملی ریلیف نہیں ملا۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ پٹواری گزشتہ ایک سال سے انہیں مسلسل ٹال مٹول کا شکار بنا رہا ہے اور موقع پر جا کر زمین کی نشاندہی نہیں کر رہا، جس کے باعث معاملہ جوں کا توں لٹکا ہوا ہے۔ ان کے مطابق اس رویے سے یہ شبہ پیدا ہوتا ہے کہ پٹواری مبینہ طور پر مخالفین کے ساتھ ملی بھگت رکھتا ہے، جس کی وجہ سے انہیں انصاف نہیں مل پا رہا۔محمد صدیق نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور ایس ڈی ایم مینڈھر سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے، متعلقہ پٹواری کے کردار کی جانچ کی جائے اور فوری طور پر موقع پر جا کر زمین کی نشاندہی کی جائے تاکہ وہ اپنے مکان کی تعمیر شروع کر سکیں۔