عظمیٰ نیوز سروس
بڈگام//خانصاحب بڈگام کے گرویٹھ علاقے میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں زخمی ہونے والا شخص ہفتہ کے روز دورانِ علاج دم توڑ گیا۔متوفی کی شناخت مشتاق احمد بٹ (عمر تقریباً 40سال)ولد مرحوم عبد الخالق بٹ ساکن گُرویٹھ کلاں کے طور پر ہوئی ہے۔حکام کے مطابق یہ حادثہ صبح اوائل سویرے گرویٹھ میں پیش آیا، جس کے بعد زخمی کو ابتدائی علاج کے لیے پرائمری ہیلتھ سینٹر خانصاحب منتقل کیا گیا۔بعد ازاں، متعدد زخموں کے باعث اسے مزید علاج کے لیے بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ، سرینگر منتقل کیا گیا۔ابتدائی طور پر مریض کی حالت مستحکم بتائی جا رہی تھی، تاہم ہسپتال میں اچانک اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ بے ہوش ہو گیا۔اسے فوری طور پر ایمرجنسی تھیٹر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے بچانے کی کوشش کی، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا اور اسے مردہ قرار دیا گیا۔